مودی حکومت کا انتقام، 75 سالہ والدہ کو ہراسانی

   

تین اموات کے صدمہ سے دوچار ماں کا دفتر میں آنا گناہ ہوگیا : رابرٹ وڈرا
نئی دہلی 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) رابرٹ وڈرا نے جن کیخلاف مختلف مقدمات میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی طرف سے تحقیقات کی جارہی ہیں، منگل کو الزام عائد کیاکہ ایک ایسے وقت جب الیکشن قریب آرہے ہیں، مودی حکومت ان کیخلاف انتقامی رویہ اختیار کررہی ہے اور حتیٰ کہ انکی 75 سالہ والدہ کو بھی ہراسانی کا شکار بنایا جارہا ہے۔ وڈرا نے جو کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے بہنوائی ہیں، آخر کیا وجہ ہیکہ پوچھ گچھ کی غرض سے اُنھیں طلب کرنے کیلئے حکومت نے چار سال آٹھ ماہ کا وقت کیوں لیا ہے جبکہ انتخابات کیلئے ایک ماہ بعد مہم کا آغاز ہونے والا ہے۔ وڈرا نے فیس بُک پوسٹ پر لکھا کہ ’کیا وہ لوگ (مودی حکومت ؍ بی جے پی) یہ سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی عوام اسکو ایک انتخابی حربہ و شعبدہ نہیں سمجھیں گے‘۔ فیس بُک پوسٹ پر انکے یہ تلخ ریمارکس اُس وقت منظر عام پر آئے جب وہ اور انکی والدہ مورین راجستھان کے سرحدی شہر بیکانیر میں ایک مبینہ اراضی اسکام کی تحقیقات کے ضمن میں جئے پور میں واقع ای ڈی کے زونل آفس میں پہونچے تھے۔