نئی دہلی ۔3 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے ہندوستانی معیشت میں مبینہ سست روی کیلئے ہفتہ کو مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ حکومت صرف وہ سب کچھ تباہ و برباد ہی کرسکتا ہے جو ’’گزشتہ کئی دہائیوں میں بنایا گیا تھا ‘‘ ۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’بی جے پی حکومت کچھ بنا نہیں سکتی وہ صرف ان تمام حصولیابیوں کو بگاڑ سکتی ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران سخت محنت و جاں فشانی سے بنائی گئی تھیں ‘‘۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر پیام کے ساتھ ان میڈیا رپورٹس کو منسلک بھی کیا جن میں ایک سرکردہ بزنسمین نے ملک میں سست روی کے اندیشوں کے بارے میں خبردار کیا ہے ۔ معاشی سست روی کے سبب بی ایس این ایل ، ایم این ٹی ایل ، اپنے ملازمین کو جولائی کی تنخواہیں دینے میں ناکام ہوگئے ۔ ریلویز اپنے ملازمین کی تعداد گھٹانے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔