ہندوؤں اور مسلمانوں میں پھوٹ ڈالی جارہی ہے، نوبل انعام یافتہ جوزف اسٹگلٹز کا بیان
مودی کا آتما نربھر نعرہ بکواس
دنیا میں ہر شخص ایک دوسرے پر منحصر
کورونا سے نمٹنے میں امریکہ، ہندوستان
اور برازیل ناکام
نئی دہلی : نوبل انعام یافتہ جوزف اسٹگلٹز نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہندوستان میں ہندوؤں اور مسلمانوں میں پھوٹ ڈال رہی ہے۔ اس طرح کی بنیادی تقسیم ہندوستان کو مزید کمزور کردے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہندوستان دن بہ دن کمزور ہوتا جارہا ہے۔ بزنس چیمبر فکی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں اسٹگلٹز نے کہاکہ ایک منتشر سماج، سیاسی انتشار پسندی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے مودی حکومت نے آپ کے ملک کو پھوٹ کا شکار بنانے کی کوشش کی ہے۔ ہندوؤں کے خلاف مسلمانوں کو اور مسلمانوں کے خلاف ہندوؤں کو اُکسایا جارہا ہے۔ آپ کے سماج اور معیشت کو کمزور کیا جارہا ہے۔ اِس طرح کی بنیادی اُتھل پتھل سے ہندوستان ہمیشہ کے لئے برباد ہوجائے گا۔ جوزف اسٹگلٹز نریندر مودی کے نقاد ہیں۔ اُنھوں نے مودی کے تازہ نعرے ’’آتما نربھر‘‘ پر تنقید کی اور کہاکہ دنیا میں کوئی بھی ایسا نہیں ہے کہ ہر چیز پر خود انحصار کرسکے۔ آتما نربھر کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے مختلف ممالک کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے جوزف نے نشاندہی کی کہ مضبوط جمہوریت والے ممالک جیسے نیوزی لینڈ، جرمنی اور جنوبی کوریا نے اِس وباء کے خلاف مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ ان کا یہ بھی احساس ہے کہ امریکہ، ہندوستان اور برازیل نے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے کچھ نہیں کیا ہے۔ معیشت میں نوبل انعام حاصل کرنے والے جوزف اسٹگلٹز نے کہاکہ کورونا وباء کے باعث ہونے والے معاشی نقصانات پر قابو پانے کے لئے کئی تجاویز پیش کی تھیں۔ انھوں نے ہندوستان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ معیشت کو بہتر بنانے کے لئے مضبوط اقدامات کرے۔ وباء پر قابو پائے بغیر ہندوستان کی معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی۔ اپنے خیالات کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہاکہ میرے زندگی کا مقصد اِس سرزمین پر تمام عقائد اور مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔ ایک علیحدہ ٹوئٹ میں کانگریس کے سابق صدر نے مودی سے کہاکہ وہ اپنی خاموشی توڑیں اور سوالات کا سامنا کریں۔ یہ ملک کئی سوال پوچھنا چاہتا ہے۔ نریندر مودی جی کو صرف اپنی شخصیت کے فروغ میں دلچسپی ہے۔ فینانس اور معیشت کے پروفیسر جوزف کو 2001 ء میں رائل سویڈش اکیڈیمی آف سائنسیس نے معاشیات میں نوبل انعام دیا تھا۔