مودی حکومت کے بجٹ سے صرف متمول افراد کو فائدہ: چدمبرم

,

   

بجٹ میں غریبوں اور مائیگرینٹ ورکرس کیلئے کچھ نہیں ہے، پارلیمنٹ میں کانگریس لیڈر کا بیان

نئی دہلی : کانگریس رکن پارلیمنٹ پی چدمبرم نے مودی حکومت کے بجٹ پر شدید تنقید کی اور کہاکہ یہ بجٹ صرف اور صرف متمول افراد کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ بجٹ کو اُنھوں نے ’’امیروں کیلئے، امیروں کا اور امیروں کی خاطر‘‘ بناتے ہوئے مودی نے اپنے چند دوستوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔ چدمبرم نے کہاکہ حکومت سرمایہ مصارف پر ایک پائی بھی نہیں خرچ کررہی ہے۔ بجٹ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اِس سال عوام کو کچھ نہیں ملنے والا ہے۔ جو رقم بطور قرض لی جائے گی یہ خالی خزانے کو بھرنے کے لئے کافی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نے مزید کہاکہ جو لوگ راشن کی دوکانوں پر طویل قطار میں راشن کیلئے انتظار کررہے ہیں، انھیں کچھ ملنے والا نہیں۔ بجٹ کے خلاف ہم تمام کو شدید احتجاج کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم اپنا احتجاج درج کراتے ہوئے اِس بجٹ کے خلاف ناراضگی ظاہر کرتے ہیں۔ اُنھوں نے مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم مودی حکومت کی مخالفت کرتے ہیں، اِس کی پالیسیوں پر اعتراض کرتے ہیں تو ہمیں آندولن جیوی کہا جائے گا۔ راجیہ سبھا چیرپرسن وینکیا نائیڈو نے ایوان کو بتایا کہ بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعہ تک بجٹ پر مباحث اور جواب کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔ ایوان کا اجلاس ہفتے کے دن منعقد نہیں ہوگا۔ اِس کا مطلب یہ ہوگا کہ بجٹ سیشن کا پہلا حصہ اب مقررہ وقت سے دو دن قبل جمعہ کو ہی ختم ہوجائے گا۔ کانگریس لیڈر پی چدمبرم راجیہ سبھا میں تقریر کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کا یہ پہلا ایسا بجٹ ہے جس میں ملک کی دفاع کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ وزیراعظم کی بجٹ تقریر میں انھوں نے ڈیفنس کے تعلق سے فنڈس مختص کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ بجٹ کے اندر شعبۂ صحت کو مکمل نظرانداز کردیا گیا ہے۔