وزیر اعظم پر وعدوں کی عدم تکمیل کا الزام، راہول گاندھی کا انتخابی جلسوں سے خطاب
مالدہ ؍ پورنیہ ۔ /23 مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پرہمیشہ جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ ( مودی ) نیرو مودی، میہول چوکسی اور وجئے ملیا جیسے رشوت خورو ں اور مفرور مجرمین کے چوکیدار ہیں۔ راہول گاندھی نے مغربی بنگال میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ایک ریلی سے خطاب کے دوران دعویٰ کیا کہ کانگریس اس ملک کو متحد رکھنے کی جدوجہد میں مصروف ہے اور آنے والے لوک سبھا انتخابات بی جے پی، ار ایس ایس اور کانگریس کے نظریات کے درمیان اصل لڑائی ہے۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ ’’ وزیر اعظم نریندر مودی ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں، جہاں بھی جاتے ہیں جھوٹ بولتے ہیں۔ اس ریاست میں لوک سبھا انتخابات نظریات کی بنیاد پر لڑے جارہے ہیں۔ ایک طرف کانگریس ہے جو ملک کو متحد رکھنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ دوسری طرف بی جے پی ۔ آر ایس ایس نریندر مودی ہیںجو ملک کو مذہب اور ذات پات کے خطوط کی بنیاد پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ کانگریس کے صدر نے وزیر اعظم مودی کو رشوت خوروں اور مفرور مجرمین کا چوکیدار قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے رافیل معاملت اپنے ایک دوست انیل امبانی کو بطور تحفہ دے دیا اور عوام کے فنڈز سے 30,000 کروڑ روپئے لوٹ لیا۔ راہول گاندھی نے مالدہ کے علاوہ پورنیہ میں ایک اور انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے سوال کیا کہ کس قسم کے لوگ چوکیدار رکھتے ہیں، کیا آپ نے کبھی کسی عام آدمی کیلئے چوکیدار دیکھا ہے۔ مودی ، دولتمند افراد کے چوکیدار ہیں۔ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد بہار میں اپنی پہلی انتخابی ریلی سے خطاب کے دران کہا کہ انیل امبانی، نیرو مودی، میہول چوکسی اور دوسروں کو مودی بھائی کہتے ہیں اور ان کے ساتھ بھائی جیسا سلوک کرتے ہیں لیکن عام آدمی کو صرف ’’ مترو ‘‘ ( دوست ) کہتے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے موقع پر بی جے پی کو اقتدار ملنے کی صورت میں غریبوں کے کھاتہ میں فی کس 15 لاکھ روپئے جمع کروانے، پانچ سال کے دوران دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے اور کسانوں کے قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ کیا انہوں نے کسانوں، محنت کشوں اور نوجوانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے اپنا ایک بھی وعدہ پورا کیا ہے؟ ۔ اس کے برخلاف کانگریس نے مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں اقتدار سنبھالنے کے اندرون 15 دن کسانوں کے قرض معاف کردیا۔ کانگریس لوک سبھا انتخابات میں برسر اقتدار آئے گی تو اقل ترین آمدنی کی بنیاد پر تمام مستحقہ شہریوں کے کھاتوں میں از خود رقم جمع کروائی جائے گی۔
راہول گاندھی کو کیرلا سے لوک سبھا انتخابات لڑنے کی درخواست
کوٹائم ۔ 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کیرلا میں کانگریس نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر راہول گاندھی کا نام ویاناڈ لوک سبھا کی نشست سے تجویز دی ہے اور خواہش کی ہے کہ راہول گاندھی اس نشست سے لوک سبھا انتخابات لڑیں۔ کیرلا کے سینئر قائدین نے کہا کہ راہول گاندھی سے مذکورہ نشست پر لوک سبھا انتخابات لڑنے کی خواہش کی گئی ہے، لیکن راہول گاندھی کی جانب سے ہنوز جواب نہیں آیا ہے۔ یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اومن چنڈی نے کہا کہ کیرلا پردیش کانگریس کمیٹی نے راہول گاندھی سے خواہش ظاہر کی ہے کہ ویاناڈ کی نشست سے لوک سبھا انتخابات لڑیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کا مطالبہ ہے کہ راہول گاندھی جنوبی ہندوستان سے لوک سبھا نشست سے انتخابات لڑیں اور ہم نے ان سے درخواست کی ہے کہ ویاند سے انتخابات لڑیں۔ کیرالا کانگریس کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی اس خواہش پر راہول گاندھی کی جانب سے ہنوز کوئی ردعمل نہیں آیا ہے لیکن جنوبی ہندوستان سے تعلق رکھنے والے کانگریسی قائدین کو امید ہے کہ راہول گاندھی کی جانب سے مثبت جواب آئے گا۔ کیرلا میں کانگریس 20 نشستوں میں سے 16 نشستوں پر انتخابات لڑ رہی ہے اور ان 16 نشستوں کیلئے 14 ناموں کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے لیکن ویانڈ اور واڈاکرا کی نشستوں پر امیدواروں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی کو کیرالا سے لوک سبھا انتخابات میں امیدواروں کے طور پر پیش کرنے سے متعلق کئی سینئر قائدین جن میں اے کے انٹونی بھی شامل ہیں، تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی کی یہاں سے امیدواری جنوبی ہندوستان میں کانگریس میں ایک نئی جان اور توانائی ڈال سکتی ہے جس سے لوک سبھا انتخابات میں اسے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ کانگریس نے پہلے ویانڈ نشست سے صدیقی جوکہ کوذی کوڈ ا ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر ہیں، ان کا نام پیش کیا تھا، لیکن انہوں نے یہاں سے واپسی اختیار کی ۔ صدیقی نے خود کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ راہول گاندھی اس نشست سے لوک سبھا انتخابات لڑیں ۔ تملناڈو اور کرناٹک میں کانگریسی قائدین اور علاقائی صدور نے بھی راہول گاندھی سے درخواست کی ہے کہ وہ اس نشست سے مقابلہ کریں۔