پارلیمنٹ میں اڈانی بدعنوانی معاملے پر بحث کا مطالبہ، اپوزیشن ایم پیز کا احاطہ میں مظاہرہ
نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جمعرات کو کہا کہ انڈیا گروپ کے لیڈر پارلیمنٹ میں اڈانی بدعنوانی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی تمام حدیں توڑ کر صنعتکار کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انڈیا گروپ کے ممبران پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں اس معاملے پر مظاہرہ کیا اور اس دوران مسز واڈرا نے کہا کہ مسٹر مودی بدعنوانی کا دفاع کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ وقفہ صفر کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نشی کانت دوبے نے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور وائناڈ کی ایم پی محترمہ واڈرا کے ساتھ ساتھ پوری کانگریس پارٹی کے خلاف انتہائی توہین آمیز الفاظ استعمال کیے ، جو کہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے ۔ محترمہ واڈرا نے کہاکہ ملک کے لوگ چاہتے ہیں کہ اڈانی میگا اسکام پر پارلیمنٹ میں بحث ہو۔ انڈیا گروپ کی تمام پارٹیاں پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن نریندر مودی جی اور حکومت مسلسل بحث سے بھاگ رہی ہے ۔ وزیراعظم جس طرح سے اڈانی کی بدعنوانی کا دفاع کر رہے ہیں، تمام ضابطوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، وہ انتہائی حیران کن ہے ۔ آج میں نے ساتھی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ اس مسئلہ پر پارلیمنٹ کمپلیکس میں مظاہرہ کیا۔ وینوگوپال نے کہاکہ سب سے افسوسناک واقعہ لوک سبھا میں اس وقت ہوا جب پوری کانگریس پارٹی قائد حزب اختلاف پر سنبھل دورے پر پابندی کا مسئلہ اٹھا رہی تھی۔ چیرمین نشی کانت دوبے کو وقفہ صفر کے دوران بولنے کی اجازت دی گئی، اس دوران بی جے پی ایم پی نے قائد حزب اختلاف راہول گاندھی اور وائیناڈ ایم پی پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ ساتھ پوری کانگریس پارٹی کے خلاف انتہائی توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیا۔ جب بھی ہم اڈانی کی بدعنوانی کا مسئلہ اٹھاتے ہیں، وہ اپوزیشن اور کانگریس پارٹی کو گالی دینے لگتے ہیں۔