مودی نے دہلی کی ترقی کو آگے بڑھانے کا کام کیا :ریکھا

   

نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ 11 برسوں میں ہمیشہ دہلی کی خوشیوں اور غموں میں شامل ہوکر یہاں کے لوگوں کے لئے کروڑوں روپے کا تحفہ دیا ہے۔ چہارشنبہ کو یہاں مودی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک کرتویہ پتھ پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر ریاست کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا اور ان کے ساتھ یکساں سلوک کیا۔ 11 سال تک وزیر اعظم نے سب پر محبت کی بارش کی لیکن اس وقت کی حکومت نے اس محبت اور پیار کے بدلے میں صرف اور صرف برے الفاظ کا استعمال کیا اور مرکزی حکومت سے لڑنے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایکسپریس ویز اور سڑکوں کے نیٹ ورک کے ذریعہ رابطے کو بہتر بنانے کے لیے 1.25 لاکھ کروڑ روپے دیے ، جن میں سے کئی کام مکمل ہو چکے ہیں اور کچھ پر کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم ایسا نہ کرتے تو دہلی اپنی ہی ٹریفک میں پھنس جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہلی میں تقریباً 400 کلومیٹر میٹرو ریل نیٹ ورک بچھایا گیا ہے جس پر لاکھوں لوگ سفر کرتے ہیں تاکہ اپنے روزمرہ کے معمولات کو آسان بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی ہمیشہ دہلی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اس کی ضروریات کا خیال رکھا ہے ۔ وہ اپنے وژن کے مطابق ترقی یافتہ دہلی کے ہدف کی طرف بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔