ہر کارکن سونیا اور راہول کے ساتھ، گلوبل سمٹ سے تلنگانہ کی ترقی، پردیش کانگریس عاملہ اجلاس سے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اعلان کیاکہ کانگریس ‘نریندر مودی حکومت سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف بے بنیاد مقدمات کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہے۔ پردیش کانگریس عاملہ اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرکے قائدین اور نئے ضلع صدور نے نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں درج نئے ایف آئی آر پر عوام میں شعور بیدار کرنے کا عہد کیا۔ چیف منسٹر نے الزام عائد کیاکہ ملک بھر میں راہول گاندھی کی شروع کردہ مخالف ووٹ چوری مہم سے توجہ ہٹانے حکومت نے سونیا اور راہول گاندھی کے خلاف نیا ایف آئی آر درج کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ووٹ چوری سے اور مقدمات کے حقائق سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب میںچیف منسٹر نے مرکزی حکومت پر گاندھی خاندان سے انتقامی سیاست کا رویہ کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ جس خاندان نے ملک کی آزادی کی جدوجہد میں حصہ لیا اور اپنے اثاثہ جات کو ملک کیلئے وقف کیا، اُس کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ افسوسناک ہے۔ جدوجہد آزادی میں سرگرم نیشنل ہیرالڈ اخبار کو بچانے کانگریس قائدین نے جو مساعی کی اُس کے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی گئی۔ اخبار چلانے حکومت سے ایک روپیہ حاصل نہیں کیا گیا اور سونیا گاندھی نے اپنے اثاثہ جات کی قربانی دی تاکہ اخبار کے ملازمین و خاندانوں کی مدد کی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ مہاراشٹرا، بہار اور دیگر ریاستوں میں ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے نام پر ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے ووٹ خارج کئے گئے تاکہ بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار ہو۔ ووٹ چوری مہم سے خوفزدہ مودی حکومت نے راہول اور سونیا گاندھی کو نشانہ بنایا ہے لیکن کانگریس اِس مہم کا مقابلہ کرکے مودی اور امیت شاہ کو بے نقاب کریگی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر کارکن سونیا اور راہول کے ساتھ ہے۔ حکومت کے 2 سال کی تکمیل پر مختلف تقاریب کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ تحریک کے مرکز عثمانیہ یونیورسٹی کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 7 ڈسمبر کو آرٹس کالج گراؤنڈ پر جلسہ میں وہ عثمانیہ یونیورسٹی کی ترقی کیلئے فنڈس کا اعلان کریں گے۔ یونیورسٹی کو عالمی معیار کی سہولتوں سے آراستہ کرکے بڑے پیمانہ پر ترقیاتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ تحریک کے مرکز یونیورسٹی کا میں نے اپنے وعدہ کے مطابق دورہ کیا اور دوبارہ 7 ڈسمبر کو جارہا ہوں۔ ریونت ریڈی نے ریاست کو 3 علیحدہ معاشی زونس میں تبدیل کرکے شہری و دیہی علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے منصوبہ سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ گلوبل سمٹ میں قومی و بین الاقوامی شخصیتوں کی شرکت کا امکان ہے اور یہ سمٹ تلنگانہ کی ترقی میں اہم رول ادا کریگی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ 2 سال میں حکومت نے 65 ہزار سے زائد سرکاری تقررات کئے اور 6 ضمانتوں پر عمل کو یقینی بنایا ہے۔ اُنھوں نے ریجنل رنگ روڈ، میٹرو ریل فیز II اور موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی تکمیل کا عزم ظاہر کیا۔ جنرل سکریٹری انچارج میناکشی نٹراجن، سکریٹری انچارج وشواناتھن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے خطاب کیا۔1
ریونت ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نئی دہلی روانہ
مودی اور راہول گاندھی کو گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دیں گے
حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا آج رات نئی دہلی پہونچ گئے جہاں وہ کل 3 ڈسمبر کو نئی دہلی میں اہم شخصیتوں کو گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ فیوچر سٹی میں 8 اور 9 ڈسمبر کو تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں وزیراعظم نریندر مودی، قائد اپوزیشن راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کو مدعو کرنے ریونت ریڈی تینوں سے ملاقات کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم اور کانگریس قائدین سے صبح کے وقت ملاقات کا وقت طے پاچکا ہے۔ تینوں سے ملاقات کے بعد ریونت ریڈی سہ پہر حیدرآباد واپس ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو تلنگانہ کے زیرالتواء پراجکٹس اور مرکز سے فنڈس کی اجرائی کیلئے تفصیلی یادداشت پیش کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے گزشتہ ہفتہ جرمنی کی ایرو اسپیس کمپنی کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم مودی کو گلوبل سمٹ میں شرکت کی آن لائن دعوت دی تھی۔ وزیراعظم نے نئی دہلی سے ورچول کمپنی کا افتتاح انجام دیا تھا۔ سمٹ میں ملک کی تمام اہم ریاستوں کے چیف منسٹرس کو دعوت نامے روانہ کئے گئے ہیں۔1