نئی دہلی، 08 مارچ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی 9 مارچ کو صبح 10 بج کر 15 منٹ پر ‘سب کا ساتھ، سب کا وِکاس۔ عوامی خواہشات کی تکمیل’ موضوع پر منعقدہ بجٹ کے بعد کے ویبینار کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے ۔ اس ویبینار میں تعلیم اور ہنر مندی، صحت و آیوش، سیاحت اور مہمان نوازی جیسے مختلف شعبوں سے متعلق کئی اجلاس منعقد کیے جائیں گے ۔ ان اجلاسوں میں تعلیم سے روزگار کے راستے کو مضبوط بنانے ، اینیمیشن، ویژول ایفیکٹس، گیمنگ اور کامکس (اے وی جی سی) شعبے کیلئے کانٹینٹ کریئیٹر لیب تیار کرنے اور متعلقہ صحت پیشہ ور افراد و نگہداشت کرنے والوں کی تربیت کو بڑھانے جیسے موضوعات پر گفتگو ہوگی۔
اس کے علاوہ علاقائی طبی مراکز کے قیام، نئے آیوش اداروں کی ترقی اور صحت خدمات کے توسیع سے متعلق اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔ سیاحت کے شعبے سے جڑے اجلاسوں میں مہمان نوازی کے ہنر کی ترقی، پائیدار سیاحتی راستوں کی تعمیر، شمال مشرقی خطے میں بدھ سرکٹ کے توسیع اور ورثہ سیاحت کو فروغ دینے کے طریقوں پر بحث کی جائے گی۔