مواصلات اور بنیادی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے والے ریل پراجکٹس ملک کے نام وقف
پٹنہ: 18 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو بہار میں 5381 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریل پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔مودی نے موتیہاری میں منعقدہ ایک تقریب میں ریل، سڑک، دیہی ترقی، ماہی پروری، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں سے متعلق 7200 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نے مواصلات اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے والے کئی ریل پروجیکٹوں کو ملک کے نام وقف کیا جن میں سمستی پور-بچھواڑا ریل لائن کے درمیان خودکار سگنلنگ شامل ہے ۔اس دوران وزیر اعظم نے کئی ریل پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جن میں پاٹلی پترا میں وندے بھارت ٹرینوں کے رکھ رکھاؤ کے لیے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بھٹنی ۔چھپرا دیہی ریل لائن (114 کلومیٹر) پر خودکار سگنلنگ اور 232 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے بھٹنی-چھپرا دیہی حصے میں ٹریکشن سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے ۔ ٹریکشن سسٹم کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر اور توانائی کی کارکردگی کو بہتر بنا کر ٹرینوں کی رفتار میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے تقریباً 4,080 کروڑ روپے کی لاگت سے دربھنگہ-نرکتیا گنج ریل لائن کو دوہرا کرنے کے پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ اس سے زیادہ مسافر اور مال گاڑیاں چل سکیں گی اور شمالی بہار اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان کنکٹی ویٹی مضبوط ہوگی۔ وزیر اعظم نے ورچوئل طریقے کے چار امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ وندے بھارت جیسی رفتار اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ، ان امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں میں پٹنہ-نئی دہلی امرت بھارت ایکسپریس، مالدہ ٹاؤن-گومتی نگر، لکھنؤ امرت بھارت ایکسپریس، دربھنگہ-گومتی نگر، لکھنؤ امرت بھارت ایکسپریس اور موتیہاری کے باپودھام سے دہلی تک چلنے والی امرت بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔ یہ تیز رفتار ٹرین جدید سہولیات سے لیس ہوگی۔ یہ ٹرین تقریباً 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔ یہ پٹنہ اور دہلی کے درمیان تقریباً 1000 کلومیٹر کا سفر صرف 10 گھنٹے میں مکمل کرے گی۔ اس ٹرین میں صرف جنرل اور سلیپر کوچز ہیں۔ اس میں کوئی اے سی کوچ نہیں ہوگا۔ اس ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں کو وندے بھارت ٹرین جیسی سہولیات ملیں گی۔ پٹنہ اور دہلی کے درمیان چلنے والی امرت بھارت ایکسپریس تقریباً 12 جنکشنوں پر رکے گی جن میں آرا، بکسر، دین دیال اپادھیائے نگر (ڈی ڈی یو)، مرزا پور، پریاگ راج، کانپور سینٹرل، اٹاوہ جنکشن شامل ہیں۔اس ٹرین میں مسافروں کو ہر سیٹ پر چارجنگ پوائنٹ کی سہولت ہوگی۔