مودی کا جرمنی اور یو اے ای کا دورہ

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی 26 سے 28 جون تک جرمنی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دورہ پر جائیں گے ۔ وزارت خارجہ نے آج یہاں بتایا کہ مودی جرمن چانسلر اولاف شولز کی دعوت پر شلوس ایلماؤ میں منعقد ہونے والی G-7 چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے 26 اور27جون کو جرمنی کا دورہ کریں گے ۔ اس کے بعد مودی 28 جون کو مختصر دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچیں گے اور متحدہ عرب امارات کے سابق صدر اور ابوظہبی کے سابق حکمران شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت کریں گے ۔ وہ شیخ محمد بن زید النہیان کو ملک کا نیا صدر اور ابوظہبی کا نیا حکمران بننے پر مبارکباد بھی دیں گے ۔ مودی اسی دن وطن واپس آجائیں گے ۔