مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا گرفتار

   

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکی آمیز خط لکھنے والے ملزم کو پولیس نے اتوار کو گرفتار کرلیا ۔ اس شخص کی شناخت زیویئر کے طور پر ہوئی ہے ۔ زیویئر کیرالا بی جے پی صدر کے سریندرن کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے بھیجے گئے خط میں لکھا تھا کہ مودی کی حالت راجیو گاندھی جیسی ہوگی ۔ وزیراعظم نریندر مودی 24 اپریل کو کیرالا کے دو روزہ دورہ پر کوچی جارہے ہیں ۔ کوچی پولیس کمشنر سیتھو رمن کے مطابق وزیراعظم کے خلاف دھمکی آمیز خط بھیجنے والے کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ زیویئر نے یہ خط ذاتی دشمنی کی وجہ سے اپنے پڑوسی کو پھنسانے کیلئے لکھا تھا ۔ زیویئر نے خط پر این جے جانی کے نام سے دستخط کئے اور نیچے فون نمبر لکھا ۔ وزیراعظم کے کوچی پہنچنے سے قبل سیکورٹی کا نظام سخت کردیا گیا ہے ۔ اس کیلئے 2060 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ دوپہر 2بجے سے وزیراعظم کے آنے جانے والے راستے پر ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائے گا ۔ کمشنر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کے روڈ شو کیلئے 15,000 اور’’ یوم 23 ایونٹ‘‘ کیلئے 20,000 لوگوں کی آمد متوقع ہے ۔ جہاں شرکاء کو صرف موبائیل فون لانے کی اجازت ہوگی ۔