مودی کو ”فادر آف انڈیا“ قرار دینا ٹرمپ کی جہالت، انہیں ہندوستان کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں معلوم، گاندھی ومودی کا موازانہ ناممکن: اسد الدین اویسی

,

   

حیدرآباد: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کو ”فادر آف انڈیا“ قرار دیا جس پر مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ حیدرآباداسد الدین اویسی نے امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ایک جاہل آدمی ہیں، وہ زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں‘ نہ تو انہیں ہندوستان کے بارے میں کچھ علم ہے اور نہ وہ مہاتما گاندھی کے بارے میں زیاد ہ کچھ جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو دنیاکے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔ مسٹر اویسی نے کہا کہ گاندھی و مودی کا موازانہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کبھی فادر آف انڈیا نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ بین الاقوامی امور کے بارے میں بھی زیادہ علم نہیں رکھتے ہے،

YouTube video

اگر انہیں علم ہوتا تو وہ اس طرح کی جملہ بازی نہیں کرتے۔گاندھی جی کو بابائے قوم کا خطاب اس لئے ملا کہ انہوں نے ملک کے لئے قربانیاں دیں، محنت او ر لگن سے آزادی میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سیاست میں قدآور شخصیتں جواہرلال نہرواورسردار پٹیل کو بھی بابائے قوم کا خطاب نہیں ملا۔

صدر مجلس نے کہا کہ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کی جانب سے ٹرمپ کے بیان کو تسلیم کرنے اور مودی کو بابائے قوم نہ ماننے والے کے ہندوستانی ہونے پر شک کرنے کے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جتیندر سنگھ کی ہندستانیت کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے دل میں گاندھی جی کیلئے کتنی عزت ہے۔ صدر مجلس نے کہا کہ ٹرمپ جمہوری طریقہ کار کے تحت امریکی صدر منتخب ہوئے ہیں اگر وہ امریکی صدر ہیں تو کوکوئی خدا نہیں کہ ان کی بات مانو ورنہ آپ ہندوستانی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے مودی کو ایلوس پریسلی کہاہے۔ اس میں حقیقت ہوسکتی ہے۔ ایلوس پریسلی بہترین گانا گاتا تھا جس سے مجمع جمع ہوجاتا تھا۔ ہمارے وزیر اعظم بھی اچھی تقریریں کرتے ہیں اور بھیڑ جمع کرلیتے ہیں بات ایک دوسرے میں ملتی جلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ایک طرف مودی کی تعریف کرتے ہیں تو دوسری طرف پاکستان وزیر اعظم عمران خان کی بھی تعریف کرتے ہیں۔ ٹرمپ ڈبل گیم کھیل رہے ہیں۔