کولہاپور: وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مراٹھا شترپ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سپریمو شرد پوار کو ان کے ہی آبائی حلقہ میں ‘بھٹکتی آتما’ کہہ کر طنز کرنے کے بعد مسٹر پوار نے جمعرات کو کہا کہ مسٹر نریندر مودی کی وجہ سے وزارت عظمیٰ کا وقار داغدار ہوا ہے ۔ پوار نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ “یہ حیرت کی بات نہیں ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی مجھے ‘بھٹکتی آتما’ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں، کیونکہ اس سے پہلے ملک کے وزیر اعظم کا عہدہ ان (مسٹر مودی) جیسا بدنام کبھی نہیں ہوا تھا۔ میں نے مختلف مواقع پر پنڈت جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی سمیت تمام وزرائے اعظم کی تقریریں دیکھی اور سنی ہیں۔ لیکن جب مودی نے ‘بھٹکتی آتما’ کی اصطلاح استعمال کی تو میں حیران نہیں ہوا، کیونکہ وزیراعظم کے عہدے کی اس سے پہلے کسی اور وزیراعظم نے اتنی توہین اور داغدار نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مودی کی تقریریں حقائق پر مبنی نہیں تھیں۔ عوام کو درپیش بنیادی مسائل پر بات کرنے کے بجائے وہ من گھڑت مسائل سے ووٹروں کی توجہ ہٹاتے ہیں۔ وزیر اعظم مجھ پر اور ادھو ٹھاکرے پر حملہ کرکے مطمئن ہیں۔