مودی کے انتخابی حلقہ وارانسی میں ووٹنگ مشینوں کی چوری

,

   

Ferty9 Clinic

سوشیل میڈیا پر ویڈیو وائرل ، بدعنوانی کی کوششیں جاری: اکھلیش۔ ووٹنگ مشینیں پولنگ کے استعمال کی نہیں: ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ

لکھنو : سماج وادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو جو اترپردیش میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کیلئے سب سے بڑے چیلنجر رہے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وارانسی کے ایک رائے شماری مرکز سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں چوری کی جارہی ہیں جبکہ ووٹوں کی گنتی کو محض دو روز باقی ہے۔ انہوں نے حکومت پر سرقہ کا الزام عائد کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ 2017 ء میں لگ بھگ 50 نشستوں پر بی جے پی کی جیت کا فرق 5000 ووٹوں سے کم تھا۔ سوشیل میڈیا پر ٹرک میں ای وی ایمس کی موجودگی کا ویڈیو وائرل ہونے پر وزیراعظم مودی کے انتخابی حلقہ وارانسی کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے کہا کہ ٹرک ایم وی ایمس انتخابات میں استعمال نہیں کئے گئے اور استعمال شدہ ای وی ایمس سی آر پی ایف کی تحویل میں اسٹرانگ روم میں مہربند رکھے گئے ہیں۔ وہاں سی سی ٹی وی نگرانی ہے جس پر تمام سیاسی پارٹیوں کے لوگوں کی نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک والے ای وی ایمس منڈی کاؤنٹنگ سنٹر میں اسٹوریج کے مقام سے ایک مقامی کالج کو منتقل کئے جارہے تھے۔ بعد ازاں شرما نے یہ بھی کہا کہ 20 ای وی ایمس لے جارہی گاڑی جسے ورکرس نے دیکھا، وہ یہیں ہے اور کوئی بھی جانچ کرسکتا ہے۔ بعض لوگوں نے کہا کہ دو یا تین گاڑیاں تھیں لیکن یہاں پورے علاقہ پر سی سی ٹی وی کی نگرانی ہے۔ کوئی بھی فوٹیج دیکھ سکتا ہے۔ لہذا یہ معاملہ یہیں ختم ہوتا ہے۔ یہ ای وی ایمس دوبارہ منتقل نہیں کئے جائیں گے تاکہ مزید کوئی الجھن پیدا نہ ہونے پائیں۔ میڈیا کے روبرو اکھلیش نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دعوے کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ وارانسی میں ہم نے ایک ٹرک روکا اور دو ٹرکس فرار ہوگئے۔ اگر کوئی مشکوک سرگرمی نہیں ہے تو ای وی ایمس کے ساتھ دو ٹرکس کیوں فرار ہوئے؟ آپ امیدواروں کی مرضی کے بغیر کہیں سے بھی کوئی ای وی ایمس کو منتقل نہیں کرسکتے ہیں۔ اکھلیش نے کہا : ’’ہمیں اطلاع ملی ہے کہ چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس کو فون کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ووٹوں کی گنتی بی جے پی ہارنے کی صورت میں دھیمی کردی جائے۔ اب جبکہ ای وی ایمس پکڑے گئے تو عہدیدار مختلف بہانے بنارہے ہیں‘‘۔