ایک دوسرے کے مخالف قائدین میں اتحاد سے عجیب صورتحال : سمرتی ایرانی
جھار گرام۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے اپوزیشن جماعتوں کی کولکتہ میںمنعقدہ ریالی پر طنز و تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ زندگی بھر ایک دوسرے کی مخالفت کرتے رہے۔ اب محض اپنے شخصی مفادات کی تکمیل اور نریندر مودی کے خوف سے متحد ہوگئے ہیں۔ ایرانی نے آج یہاں گنا تنترا ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں ایک عجیب صورتحال دیکھی گئی جہاں کچھ لوگ (اپوزیشن قائدین) ایک سیاسی پلیٹ فارم پر یکجا ہوئے تھے، جنہیں عوام کی ترقی سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ سمرتی ایرانی نے کہا کہ یہ (اپوزیشن قائدین) محض مودی کے خوف سے ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔ وہ اپنے شخصی مفادات کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ (اپوزیشن قائدین) زندگی بھر ایک دوسرے کی مخالفت کرتے رہے لیکن اب مودی کی طرف سے شروع کردہ ترقیاتی عمل کو روکنے کے لئے متحد ہوچکے ہیں۔