مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کرکے ’چندے‘ کی اپیل کردی گئی

   

نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کرکے ہیکرز نے ’چندے‘ کی اپیل کردی۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم کی ذاتی ویب سائٹ (نریندرا مودی ڈاٹ اِن) سے منسلک ان کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا تھا۔ہیکرز نے وزیر اعظم کے (نریندرا مودی-ان) اکاؤنٹ کو ہیک کرکے اس پر ’چندے‘ کی اپیل کے چند ٹوئٹس کر ڈالیں۔ہیکرز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کے کورونا کی وبا سے نمٹنے کیلئے قائم کیے گئے خصوصی فنڈ میں کرپٹو کرنسی کے ذریعہ چندے‘ جمع کروائیں۔ہیکرز نے عوام کو بتایا کہ انڈیا میں اب بٹ کوائن کو بھی قبول کیا جا رہا ہے، اس لیے لوگ بٹ کوائن کے ذریعے بھی ’چندہ‘ دے سکتے ہیں۔مودی کے اکاؤنٹ سے ہیکرز نے چند دیگر ٹوئٹس بھی کئے، تاہم بعد ازاں ان تمام ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔مودی کے جس اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا اس میں ان کے 25 لاکھ فالوورز ہیں۔اسی حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے تصدیق کی کہ وہ وزیراعظم مودی کے اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کے معاملے سے باخبر ہیں اور وہ اس ضمن میں تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ٹوئٹر ترجمان نے کہا کہ وہ ہندوستانی وزیر اعظم کے ٹوئٹر ہینڈل کو مزید محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔