موسم سرماکی شدت سے وبائی امراض کا شکار افراد کی تعداد میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

مدافعتی نظام کو مستحکم رکھنے پر توجہ دینے عوام کو ڈاکٹرس کا مشورہ ۔ علامات پر علاج کی ہدایت
حیدرآباد 15 ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ کے نتیجہ میں وبائی امراض کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ماہر اطباء نے موسمی بیماریوں سے محفوظ رہنے مدافعتی نظام کو مستحکم بنائے رکھنے ہدایات جاری کی اور کہا ہے کہ بچوں اور بزرگ شہریوں کو سخت احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے کیونکہ شہر میں عام طور پر سرد لہروں کو نظرانداز کیا جاتا ہے اور اس کے نتیجہ میں وبائی امراض بالخصوص سردی اور بخار طویل مدت تک اثرانداز ہوتے ہیں۔ڈاکٹرس کا کہناہے کہ موسم سرماکے دوران وبائی امراض کے نتیجہ میں عموما پھیپڑے متاثر ہوتے ہیں اور جب پھیپڑوں میں کوئی انفکشن ہوتا ہے تو اس کے نتیجہ میں ان امراض کے علاج میں وقت لگ سکتا ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں خانگی ڈاکٹرس سے رجوع مریضوں کی تعداد پر ڈاکٹرس کا کہناہے کہ گذشتہ دوہفتوں میں مریضوں کی تعداد دوگنی ہوگئی ہے ۔ ڈاکٹرایس اے مجید نے بتایا کہ مریض جو سردی ‘زکام اور کھانسی کے علاوہ متلی و قئے کی شکایات کے ساتھ رجوع ہورہے ہیں ان کے معائنوں کے بعد توثیق ہونے لگی ہے کہ وہ پھیپڑوں کے عوارض کا شکارہورہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ معمولی بخار اور کھانسی ‘ سردی جیسی شکایات کو بھی نظرانداز کرنے کی بجائے فوری ڈاکٹر سے رجوع کرکے علاج پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ ڈاکٹر خضر حسین جنیدی نے موسم سرما کے دوران امراض کا تذکرہ کرکے کہا کہ بخار کا شکار مریضوں میں تین یوم تک بخار و سردی کی علامات پائی جار ہی ہیں اور کئی مریض سانس لینے میں تکلیف اور سینے میں درد کی شکایت بھی کر رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ موسم سرما کے دوران امراض سے نمٹنے سردی سے محفوظ رہنے کی کوشش کی جانی چاہئے ۔ماہر اطفال ڈاکٹر امرین نے بتایا کہ معصوم بچوں کو سردی سے محفوظ رکھنے انہیں گرم کپڑے پہنانے کے علاوہ اشیائے تغذیہ کو بھی محفوظ اور متوازن رکھنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔3