نئی دہلی: بی جے پی نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 10 سال کے دور حکومت میں موسمی وجوہات کے علاوہ کسی اور وجہ سے مہنگائی نہیں بڑھی۔مرکزی وزیر راجیو چندر شیکھر، بی جے پی کے ترجمان گوپال کرشن اگروال اور ظفر الاسلام نے یہاں پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مودی حکومت کے دس سال کی اقتصادی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ معاشی امور کے ماہر اگروال نے کہا کہ اگر ہم مہنگائی کی شرح کی بات کریں تو بی جے پی کے دور میں مہنگائی کی شرح اوسطاً چار فیصد کے قریب مستحکم رہی ہے ، جب کہ 2004 سے 2014 کے درمیان اوسطاً مہنگائی تقریبا دس فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ موسمی وجوہات کے علاوہ مہنگائی کسی اور وجہ سے نہیں بڑھی اور جب بھی بڑھی ہے تو کچھ عرصے بعد قیمتیں نیچے آگئیں۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی کے دس سال کے دور اقتدار میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو نہ صرف گھریلو معیشت بلکہ عالمی معیشت کو آگے لے جانے کے لیے ایک انجن بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہندوستان کا سامان اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی اپریل 2024 میں 2 لاکھ 10 ہزار کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی۔