سنگارینی کالریز کے ذمہ داروں کے ساتھ جائزہ اجلاس ، ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک کا خطاب
حیدرآباد۔29۔ڈسمبر(سیاست نیوز) موسم گرما کے دوران ریاست میں موجود برقی پلانٹس کو کوئلہ کی سربراہی میں کسی بھی طرح کی قلت نہ ہو اس کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے آج سنگارینی کالریز کے ذمہ داروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کانکنی کی تفصیلات حاصل کی اور کہا کہ ریاست میں برقی سربراہی میں کوئی قلت پیدا نہ ہو اس کے لئے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے کوئلہ کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی جانب سے سیکریٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران سنگارینی کالریز کے ڈائریکٹرس کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔انہو ںنے جائزہ اجلاس کے دوران حاصل کی گئی تفصیلات کا مشاہدہ کرنے کے بعد کہا کہ ریاست میں آئندہ موسم گرما کے دوران برقی پیداوار میں کسی بھی طرح کی قلت پیدا نہیں ہوگی اور نہ ہی برقی سربراہی میں کوئی کٹوتی ریکارڈ کی جائے گی۔ جائزہ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر بھٹی وکرمارک کو عہدیداروں نے پاؤر پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ سنگارینی کالریز پاؤر پلانٹ‘ سولار پراجکٹ کے علاوہ سنگارینی تھرمل پراجکٹ کی تفصیلات پیش کی۔ڈپٹی چیف منسٹر نے اجلاس کے دوران سنگارینی کالریز میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی فلاح وبہبود کے سلسلہ میں تفصیلات سے آگہی حاصل کرتے ہوئے ہدایت دی کہ انہیں کسی بھی طرح کی مشکل صورتحال میں مبتلاء نہ کیا جائے بلکہ ممکنہ حد تک انہیں سہولتوں کی فراہمی کویقینی بنانے کے علاوہ طبی سہولتوں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر موجود صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹرمسٹر این سریدھر کے علاوہ مسٹر این بلرام و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ متوفی ملازمین کی جگہ پر کئے جانے والے تقررات کے سلسلہ میں بھی تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔جائزہ اجلاس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت سنگارینی کالریز کی توسیع اور خدمات میں بہتری لانے کے سلسلہ میں اقدامات کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور جلد ہی اس سلسلہ میں منصوبہ بندی کرتے ہوئے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹڈ کی توسیع کے ساتھ ساتھ کمپنی کے اثاثہ جات میں اضافہ کے اقدامات بھی کئے جاسکیں ۔3