موسم گرما کی آمد سے قبل ہی پانی کا بحران

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : سکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں آبی بحران موسم گرما سے پہلے ہی تشویش ناک صورتال اختیار کررہا ہے ۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ بورڈ ( ایس سی بی ) میں پہلے ہی آبی بحران کی وجہ سے پانی کی سربراہی کو 2 دن کی بجائے 4 دن کردیا گیا ہے اور کارحانہ مڈفورڈ ، حشمت پیٹ ، انانگر ، بالم رائی اور قریبی علاقوں میں پانی کی سربراہی 4 دن میں بھی پابندی سے نہیں ہوپارہی ہے ۔ آبی بحران سے سب سے زیادہ مولاعلی کا علاقہ متاثر ہوا ہے اور حالیہ دنوں میں یہ اتنی شدت اختیار کرگیا کہ مولا علی کے عوام نے واٹر بورڈ کے سامنے احتجاج منعقد کیا ۔ مولا علی کے پلی نرسنگا راؤ ، آر ٹی سی کالونی کے عوام نے اپنے علاقوں میں گذشتہ 10 دنوں سے پانی کی سربراہی مسدود ہونے کے بعد بالاخر واٹر ورک آفس کے روبرو دھرنا دیا ۔ مذکورہ علاقوں میں گذشتہ 10 دنوں سے پانی کی سربراہی مسدود ہے ۔ اس موقع پر احتجاجی عوام کے ساتھ واٹر بورڈ آفس پہنچے سی پی ایم لیڈر سرینواس ، نرسنگا راؤ منگا اور مقامی قائد سکینا ، دیوما اور دیگر افراد نے واٹر بورڈ عہدیداروں پر الزام عائد کیا ہے کہ قریبی علاقوں میں 2 ہفتے ہوجانے کے بعد بھی نہ صرف پانی کی سربراہی مسدود ہے بلکہ مسائل حل کے حل کے لیے متعلقہ عہدیدار کوئی اقدام نہیں کررہے ہیں ۔۔