کریم نگر میں ڈرائی ڈے کا آغاز، ریاستی وزیر گنگولا کملاکر کا خطاب
کریم نگر۔ بروز جمعہ شہر کریم نگر کے واویلالاپلّی میں ڈرائی ڈے کا آغاز کیا گیا۔ اس پروگرام میں وزیر گنگولا کملاکر نے شرکت کی۔ وزیر موصوف نے مقامی علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو ہر جمعہ ڈرائی ڈے کے اہتمام کے متعلقہ آگہی فراہمی کی۔ مکانات کے سامنے پانی کی ٹینکیوں میں موجود پانی کا اخراج عمل میں لایا اور عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پانی کو جمع ہونے نہ دیں ، ٹہرے ہوئے پانی میں مچھروں کے افزائش کی وجہ امراض کے لاحق ہونے کے امکانات ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے حکومت کوشاں ہے اور اسکے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں حال ہی میں ریاستی وزیر برائے صحت و طبابت ہریش راؤ نے سمعی و بصری اجلاس کا انعقاد کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو تحفظ صحت عامہ کیلئے چوکس رہنے اور اقدامات کے احکام جاری کئے۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہر جمعہ اور اتوار کو ڈرائی ڈے کا انعقاد کرتے ہوئے امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کئے جائیں۔ ڈینگو کے مچھر صاف پانی میں ہی پناہ لیتے ہیں پانی کے ٹینکوں ، ڈرمس و ٹہرے ہوئے پانی میں لاروے سے ڈینگو مچھروں کی افزائش ہوتی ہے ۔ انہوں نے امراض کے انسداد کیلئے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائی ڈے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے 5 اراکین پر مشتمل 100 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ہر ٹیم میں پانچ اراکین شامل ہیں ، یہ وفد گھر گھر جا کر عوام کو آگہی فراہم کرینگے ۔ میڈیکل ٹیموں کے ذریعہ شہر میں بخار کا سروے کیا جارہاہے اور امراض کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات روبہ عمل لائے جارہے ہیں۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت تلنگانہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے کوشاں ہے ۔ عوام امراض سے خوفزدہ نہ ہوں اور امراض سے بچاؤ کیلئے چوکسی اختیار کریں۔ ضلع سرکاری دواخانے میں پلیٹ لیٹ مشین دستیاب کی گئی علاوہ ازیں سرکاری دواخانے میں ابتدائی و احتیاطی اقدامات کے تحت سو بستر کے حامل خصوصی وارڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ضلع میں ادویات کی کوئی قلت نہیں ہے کسی بھی ناگہانی واقعات سے بچنے کیلئے حکومت و انتظامیہ تیار ہے۔ انہوں نے عوام کو اگلے دو ماہ تک چوکس رہنے کی صلاح دی۔ اس موقع پر میئر وائی سنیل راؤ، ضلع کلکٹر آر وی کرنن، ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی گریما اگروال، میونسپل کمشنر سیوا ایسلاوت، کارپوریٹروں اور دیگر نے شرکت کی۔