10 ماہ میں سود کے طور پر 60 ہزار کروڑ کی ادائیگی
حیدرآباد 24 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیرداخلہ بنڈی سنجے کمار نے الزام عائد کیاکہ موسی ریور فرنٹ پراجکٹ ایک بڑا اسکام ہے اور کانگریس قائدین کے لئے یہ اے ٹی ایم میں تبدیل ہوچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے کمار نے کہاکہ بی آر ایس دور حکومت میں کالیشورم پراجکٹ کے نام پر بھاری بے قاعدگی کی گئی اور کانگریس دور حکومت میں موسی پراجکٹ کے نام پر عوامی رقومات لوٹنے کی تیاری ہے۔ سرکاری ملازمین کو مقررہ وقت پر تنخواہوں کی ادائیگی سے قاصر ریونت ریڈی حکومت موسی ریور پراجکٹ کے لئے دیڑھ لاکھ کروڑ کہاں سے لائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ پراجکٹ کے لئے اِس قدر قرض حاصل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ موسی پراجکٹ پر دیڑھ لاکھ کروڑ خرچ کرنے کے بعد بوجھ آخر کس پر عائد کیا جائے گا۔ ریاست میں معاشی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ بی آر ایس دور حکومت کے حاصل کردہ قرض کے سود کی ادائیگی کے لئے 10 ماہ میں 60 ہزار کروڑ ادا کئے گئے۔ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ بنڈی سنجے کمار نے واضح کیاکہ بی جے پی موسی ریور پراجکٹ کے خلاف نہیں ہے بلکہ وہ غریبوں کو بیدخل کرنے اور اُن کے مکانات کے انہدام کی مخالفت کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کو متاثرہ خاندانوں کے لئے بازآبادکاری پیاکیج کا اعلان کرنا چاہئے۔ 1