موسی ندی کی دیکھ بھال کو تیز کرنے حکام کو دو ماہ کی مہلت

   

آزادانہ پروگریس رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت ۔ ندی کی حالت میں بہترے کے دعوے مسترد
حیدرآباد 22 اپریل ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کے عہدیداروں کو موسی ندی کی دیکھ بھال اور اس کو بہتر بنانے کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کیلئے دو ماہ کا وقت دیا ہے اور کہا کہ دو ماہ بعد یہ عہدیدار آزادانہ پیشرفت رپورٹ پیش کریں۔ چیف جسٹس جسٹس ستیش چندرا شرما اور جسٹس ابھینند کمار شیویلی پر مشتمل بنچ نے کہا کہ موسی ندی کی گندگی کا ہائیکورٹ کے قریب سے ہی آغاز ہوتا ہے اور اس کو صاف کرنے کے تعلق سے ریاستی حکومت ‘ مجلس بلدیہ حیدرآباد اور پولیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے جو تمام دعوے کئے جا رہے ہیں وہ آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔ فورم فار گوڈ گورننس کے ایم پدمنابھا ریڈی کی جانب سے ہائیکورٹ میں 2016 میں مفاد عامہ کی ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاستی حکومت نے موسی ندی کی ابتر حالت کو بہتر بنانے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ موسی ندی مچھروں کی افزائش کا مرکز بن رہی ہے اور کئی مقامات پر ڈرینیج کو اس ندی میں لا کر ملادیا گیا ہے ۔ عدالت نے ریاستی حکومت کے وکیل کے اس استدلال کو مسترد کردیا کہ موسی ندی کو بہتر بنانے کا کام جاری ہے ۔ عدالت نے وکیل سے کہا کہ وہ خود جائیں اور ہائیکورٹ کے عقب میں ہی موسی ندی کی حالت کا مشاہدہ کریں۔ عدالت نے تجویز پیش کی کہ موسی ندی کو بہتر بنانے کیلئے نیشنل انٹرلنکنگ آف ریور اتھاریٹی کے ایسے عہدیداروں کو متعین کیا جائے جنہیں سابق میں دریاؤں کو بہتر بنانے کا تجربہ ہو ۔ ریاستی حکومت کے خصوصی وکیل اے سنجیو کمار نے عداتل کو پہلے مطلع کیا تھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پہلے ہی موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن قائم کردی گئی ہے جس نے اس کیس میں ایک جوابی ادعا بھی پیش کیا ہے ۔ اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے عدالت نے ہائیکورٹ کی لیگل سروسیس اتھاریٹی کو ہدایت دی کہ وہ اس میں سرگرم ہو اور ایک تفصیلی رپورٹ موسی ندی کی حالت کے بارے میں پیش کرے اور اس کو بہتر بنانے کے اقدامات کی تجویز بھی دے ۔ بنچ نے دو ماہ کیلئے کیس کی سماعت کو ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے کہ موسی ندی کی حالت کیا ہے اور اس کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کیا اقدام کئے جا رہے ہیں۔ حکومت اس میں دوسروں سے مدد بھی لے سکتی ہے ۔