شہر کو آلودگی سے پاک بنانے کا پلان ، چار ایلیوٹیڈ کوریڈورس کی تعمیر ، قانون ساز کونسل میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے قانون ساز کونسل میں حیدرآباد کی ترقی ، ٹریفک مسائل کے حل اور موسیٰ ندی کی صفائی سے متعلق اہم اعلانات میں کہا کہ حکومت شہر کو آلودگی سے بچانے اور جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حیدرآباد کو دہلی جیسے آلودہ شہر بننے سے روکنے حکومت نے خصوصی پالیسی متعارف کرائی ہے ۔ اس کے تحت موسیٰ ندی کی صفائی کو اولین ترجیح دی گئی جسے فوری حل طلب مسئلہ قرار دیا گیا ۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر اس منصوبے میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گجرات میں سابرمتی ندی کی صفائی کی مثال موجود ہے ۔ جہاں کانگریس کے بشمول تمام جماعتوں نے تعاون کیا ۔ تو پھر حیدرآباد میں موسیٰ ندی کی صفائی کو سیاسی رنگ کیوں دیا جارہا ہے ۔ موسیٰ ندی کے آب گیر علاقوں میں مقیم عوام کو یقین دلاتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ صفائی مہم کے دوران کسی کو نقصان پہونچنے نہیں دیا جائے گا ۔ بے گھر ہونے والوں کو بہتر رہائش فراہم کی جائے گی جبکہ متاثرہ خواتین کو روزگار بھی مہیا کئے جائیں گے ۔ ٹریفک مسائل حل کرنے چیف منسٹر نے شہر کے اطراف چار ایلیوٹیڈ کوریڈورس کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ ان میں گولی گوڑہ جنکشن ، چادر گھاٹ جنکشن ، ناگول کے قریب اور عنبر پیٹ جنکشن شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کیلئے اراضی کے حصول کی ضرورت بہت کم ہوگی اور اس سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا ۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کو جدید ، صاف ستھرے اور ٹریفک سے پاک شاندار میں تبدیل کیا جائے گا ۔ جہاں ایلیوٹیڈ کوریڈورس اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کلیدی رول ادا کریں گے ۔ حکومت ٹریفک مسئلے کو Cure, Pure, Rare ماڈل کے تحت حل کرنے پر کام کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آمدنی میں اضافہ کے ساتھ ہر خاندان میں گاڑیوں کی تعداد بڑھی ہے ۔ جس کے باعث ٹریفک میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس سے نمٹنے حکومت نے میٹرو اور MMTS کو وسعت دی جب کہ مزید بہتری کیلئے 15 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو ریل منصوبے کو مزید 76 کلو میٹر تک توسیع دی جائے گی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز جیسے علاقوں میں سڑکوں کو توسیع کرنا مشکل ہے ۔ اس لیے متبادل اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ٹریفک سگنلس پر رکنے کی ضرورت نہ پڑے ۔ شہر میں ملٹی لیول پارکنگ کی سہولیات بھی قائم کی جارہی ہے تاکہ پارکنگ کے مسائل کو کم کیا جاسکے ۔ اس کے ساتھ ہی آلودگی پھیلانے والی صنعتوں کو آوٹر رنگ روڈ کے باہر منتقل کرنے کا بھی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔۔ 2