ممبئی : ہندوستانی سنیما کی دنیا میں انل بسواس کو ایک ایسے موسیقار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے مکیش ، طلعت محمود سمیت کئی گلوکاروں کو کامیابی کی بلندیوں پر پہنچایا۔مکیش کے رشتہ دار موتی لال کے کہنے پر انل بسواس نے مکیش کو اپنی ایک فلم میں گانے کا موقع دیا تھا لیکن انہیں مکیش کی آواز پسند نہیں آئی بعد میں انہوں نے مکیش کو وہ گانا اپنی آواز میں گا کر سنایا۔اس پر مکیش نے انل بسواس سے کہا، ‘‘دادا بتائیے کہ آپ جیسا گانا بھلا کون گانا سکتا ہے اگر آپ ہی گاتے رہیں گے تو بھلا ہم جیسے لوگوں کو کس طرح گانے کا موقع ملے گا۔مکیش کی اس بات نے انل بسواس کو سوچنے پر مجبور کر دیا اور انہیں رات بھر نیند نہیں آئی۔ اگلے دن انہوں نے اپنی فلم پہلی نظر میں مکیش کو بحیثیت گلوکار انتخاب کرلیا ۔انل بسواس کی پیدائش 7 جولائی 1914 کو مشرقی بنگال کے وارسال (اب بنگلہ دیش) میں ہوئی تھی۔ بچپن سے ہی ان کا رجحان نغموں اور موسیقی کی طرف تھا۔ محض 14 سال کی عمر سے ہی انہوں نے موسیقی کی محفلوں میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا جہاں وہ طبلہ بجایا کرتے تھے ۔جدوجہد آزادی میں بھی ان کے گیتوں کا اہم رول رہا۔ 31 مئی کو 2003ء کو ان کا دیہانت ہوگیا۔