ہندوستانی سفیر برائے کوریا امیت کمار کی دورہ کرنے والے وفد کے ساتھ غیر رسمی بات چیت
حیدرآباد۔25 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) موسی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ پراجکٹ پر حکومت تلنگانہ سیئول جنوبی کوریا کے طرز پر ریور فرنٹ پراجکٹ کو مکمل کرنے کے پورے امکانات ہیں۔ ہندستانی سفیر برائے جنوبی کوریا سیئول مسٹر امیت کمار نے سیئول کا دورہ کرنے والے وفد سے غیر رسمی بات چیت کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ سیئول میں موجود ہان ندی کی ترقی نے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور موسیٰ ندی کی ترقی کے ذریعہ حیدرآباد اور تلنگانہ کی ترقی میں اہم پیشرفت ہوسکتی ہے۔ مسٹر امیت کمار نے کہا کہ وہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی کی جنوبی کوریا کے صنعتکاروں ‘ ماہرین اور دیگر کے ساتھ ملاقاتوں کے ذریعہ کام کر رہے ہیں اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے اسکل یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں جنوبی کوریا کی جانب سے حاصل کی جانے والی ٹکنالوجی اور مہارت کا بھی اس ملاقات کے دوران تذکرہ کیا۔ مسٹر امیت کمار نے کہا کہ جنوبی کوریا نے گذشتہ چند دہائیوں کے دوران جو ترقی کی ہے وہ مثالی ہے اور اس ترقی کے لئے جن اصلاحات پر عمل کیاگیا ہے اس کو قابل عمل بنایا جانا ناگزیر ہے۔انہو ںنے بتایا کہ جنوبی کوریا نے گاڑیوں کی تیاری کے علاوہ مواصلاتی نظام میں بہتری ‘ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تیاری میں جو کارنامے انجام دیئے ہیں وہ قابل رشک ہیں۔انہوں نے مشرقی ایشیائی ممالک کو درپیش چیالنجس اور چین پر انحصار اور سپلائی چین پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔3