موضع کنداکرتی کی مسجد پر جئے شری رام کا نعرہ لکھنے کا واقعہ

   


رنجل منڈل میں کشیدگی، امن کمیٹی کا اجلاس، ایک مشتبہ شخص حراست میں

بودھن۔ 8؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ حلقہ اسمبلی بودھن کے فرقہ وارانہ حساس منڈل رنجل کے کثیر مسلم آبادی والے موضع کنداکرتی میں واقع مسجد محمد بیگ پر نامعلوم شرپسندوں نے گزشتہ رات جئے سری رام کا نعرہ لکھ دیا جس کے باعث آج صبح سے ہی رنجل منڈل میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول بنا ہوا ہے۔ جمعیت العلماء ہند شاخ رنجل منڈل کے سکریٹری علی الصبح رنجل منڈل پولیس کو اس شرپسندی سے واقف کروایا۔ بعد ازاں سرپنچ کلیم بیگ اور ایم پی ٹی سی اسد بیگ، نائب سرپنچ یوگی نے امن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس سے سب انسپکٹر پولیس ساینا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بعض مفاد پرست قائدین موضع کنداکرتی میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اُٹھانا چاہ رہے ہیں۔ انھوں نے مقامی نوجوانوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست قائدین کے اہلکار بن کر نوجوان اپنا مستقبل برباد نہ کریں۔ سرکل انسپکٹر بودھن رورل سرینواس راج نے بھی مخاطب کیا۔ مقامی بااثر معزز افراد مرزا عمران بیگ، محسن بیگ، سید غوث الدین، اشرف بیگ، رحمت بیگ، مولانا افضل بیگ، نظیر سیٹھ، موسیٰ خان، وغیرہ نے بھی امن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی اور شرپسند افراد کو حراست میں لینے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ایک مشتبہ فرد کو پولیس نے حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔