موقوفہ اراضی کے رجسٹریشن کی تنسیخ میں بے قاعدگیوں کیخلافکارروائی کا تیقن: سی ای او

   

حیدرآباد۔22۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے موقوفہ اراضی کے رجسٹریشن کی تنسیخ کے معاملہ میں کی جانے والی جعلسازی کیخلاف تحقیقات کرتے ہوئے اس معاملہ میں ملوث عہدیدار و ملازمین کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر سید خواجہ معین الدین نے بتایا کہ کاروان علاقہ میں موقوفہ اراضی کے معاملہ میں شکایات کی تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور اندرون 24گھنٹے بورڈ کی جانب سے کاروائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملہ میں محکمہ اسٹامپس اور رجسٹریشن سے رجوع ہوتے ہوئے رجسٹریشن کی تنسیخ کے اقدامات کئے جانے چاہئے تھے۔ اس میں گزٹ کے غلط اندراجات کو درست کرنے کے سلسلہ میں محکمہ کو مکتوب روانہ کیا جاچکا ہے۔ م
اور اس معاملہ میں تحقیقات کے بعد کاروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب جبکہ معاملہ قانونی رسہ کشی کا شکار ہوچکا ہے تو ایسی صورت میں بورڈ عدالت میں مؤثر پیروی کے علاوہ بورڈ کے اندرقابضین کی مدد کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنائے گا۔جناب سید خواجہ معین الدین نے بتایا کہ بورڈ سے مکتوب روانہ کرنے کے دوران گزٹ کے غلط اندراجات میں ملوث عہدیداروں وملازمین کے علاوہ رپورٹ کی تیاری کرنے والوں کے متعلق بھی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق بورڈ میں موجود ایک رکن کے دباؤ کے تحت یہ غلط اندراجات کے ذریعہ قابضین کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس معاملہ میں کسی رکن کے دباؤ کے متعلق توثیق نہیں کی بلکہ سی ای او نے کہا کہ وہ جلد ہی اس معاملہ میں کاروائی کرتے ہوئے بورڈ کے قوانین کے مطابق اس معاملہ میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کریں گے۔م