مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب سجادہ نشین روضۂ بزرگ گلبرگہ شریف کا سانحہ ارتحال

, ,

   

گلبرگہ ۔ 6 نومبر (سیاست نیوز) مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب سجادہ نشین روضۂ بزرگ گلبرگہ شریف کا آج رات بعمر 80 سال سانحہ ارتحال ہو گیا۔ نماز جنازہ جمعرات 7 نومبر کو بعد نماز مغرب مسجد درگاہ شریف میں ادا کی جائے گی اور تدفین احاطہ درگاہ شریف میں ہی عمل میں آئے گی۔ وہ سابق سجادہ نشین حضرت سید محمد محمد الحسینی کے فرزند تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان سید محمد علی الحسینی، ڈاکٹر سید مصطفی حسینی کے علاوہ تین دختران شامل ہیں۔ انتقال کی خبر ملتے ہی ان کی رہائش گاہ کے سامنے ہزاروں لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ جن میں قابل ذکر وائس چانسلر خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی، خواجہ بندہ نواز میڈیکل کالج اور خواجہ بندہ نواز انجینئرنگ کالج اور عملہ شامل ہیں۔ مرحوم، ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کے بچپن کے دوستوںمیں سے تھے۔ مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب قلب پر حملہ کے باعث ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ وہ ایک عظیم اور جلیل القدر شخصیت کے مالک تھے جن کا تعلق تصوف، علم و عرفان اور دینی خدمات سے رہا ہے۔ آپ کا خاندان صدیوں سے اسلامی علوم اور تصوف کا مرکز رہا ہے اور آپ نے بھی اس علمی اور روحانی ورثہ کو آگے بڑھایا۔ آپ نے اپنی زندگی دینی تعلیمات، اسلامی فقہ اور تصوف کی روشنی پھیلانے میں گزاری۔ آپ کی قیادت میں گلبرگہ شریف نے نہ صرف ایک روحانی مرکز کا کردار ادا کیا بلکہ ایک تعلیمی ادارے کے طور پر بھی کئی دینی و روحانی شخصیات تیار کیں۔ آپ کی سجادہ نشینی کا عہد ایک عظیم علمی اور روحانی مشن کی تکمیل کا باعث تھا۔ آپ کی تعلیمات، وعظ اور علمی محافل لوگوں کے لیے روشنی کی مانند تھیں اور آپ کے شاگردوں کی ایک بڑی تعداد آپ کی رہنمائی سے مستفید ہوئیں۔ آپ ہی کے دور میں خواجہ بندہ نواز یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو کہ ملک بھر میں کسی بھی درگاہ کے تحت قائم کی جانے والی پہلی یونیورسٹی ہے۔ آپ کے والد گرامی نے قریب 50 برس قبل اس تعلیمی مہم کا آغاز کیا تھا آپ نے اسے عروج کمال تک پہنچایا۔ آپ کے سانحہ ارتحال سے نہ صرف گلبرگہ بلکہ پورے ملک میں دینی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ آپ کی وفات نے ایک عظیم عالم، مفسر اور روحانی رہنما کو کھو دیا لیکن آپ کی تعلیمات اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب کے انتقال پر
ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان صاحب کا اظہار تعزیت
جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مولانا ڈاکٹر سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور آپ کی مغفرت کے لئے دعا کی۔ انہوں نے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرنے کی بھی اللہ سے دعا کی۔