ڈھاکہ ۔3 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف دو میچوں کی سیریز کے پہلے مرحلے کے واحد ٹسٹ میچ کے لیے مومن الحق کی قیادت میں 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ بی سی بی نے پاکستان کی جانب سے اپنی ٹیم کے اعلان کے بعد 14 کھلاڑیوں کے نام بھی جاری کردیے ہیں جو پاکستان آئیں گے اور ایک ٹسٹ کھیلیں گے جبکہ تجربہ کار مشفق الرحیم ٹسٹ اسکواڈ کا بھی حصہ نہیں ہیں۔ بنگلہ دیش کی ٹیم میں ٹی ٹوئنٹی کے لیے گزشتہ ماہ پاکستان آنے والے سینئرکھلاڑی تمیم اقبال، محموداللہ اور سومیا سرکار بھی شامل ہیں۔ پاکستان کا دورہ کرنے والی بنگلہ دیش کی ٹسٹ ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہیں۔ مومن الحق (کپتان)، تمیم اقبال، سیف حسن، نجم الحسن شانتو، محموداللہ، محمد متھن، لٹن داس، تیج الاسلام، نعیم حسن، عبادت حسین، ابوزید چوہدری راہی، الامین حسین، روبیل حسین اور سومیا سرکار۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹسٹ 7 فروری کو راولپنڈی میں شروع ہوگا اور بنگلہ دیش کے ٹیم 4 فروری کو ڈھاکہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان نے بھی اظہر علی کی قیادت میں 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں فواد عالم کو ایک مرتبہ پھر شامل کیا گیا ہے ۔