پٹنہ: بہار کے مونگیر میں درگا کی مورتی وسرجن کے دوران ہونے والی فائرنگ کے معاملہ میں الیکشن کمیشن نے جمعرات کو کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایم اور ایس پی کو برطرف کر دیا ہے۔ کمیشن کی طرف سے یہ کارروائی لوگوں کے غم و غصہ کے پیش نظر کی گئی ہے۔ قبل ازیں، صبح کے وقت مشتعل لوگوں کے ہجوم نے ضلع صدر دفتر میں واقعہ ایس پی کے دفتر اور ایس ڈی او کی رہائش گاہ پر زبردست توڑ پھوڑ کی گئی۔ لوگوں نے احتجاجاً کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا اور تھانہ پر پتھراو بھی کیا۔الیکشن کمیشن نے ضلع کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ڈی ایم اور ایس پی کو فوری اثر سے برطرف کر دیا۔ اسی کے ساتھ اس پورے واقعہ کی ڈویژنل کمشنر مگدھ اسانگبا چوبے کی نگرانی میں جانچ کے بھی احکامات صادر کر دیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اگلے سات دنوں کے اندر جانچ مکمل کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ واضح رہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر صوبہ کے نظم و نسق کی ذمہ داری اس وقت الیکشن کمیشن پر ہے۔
