موہن بھاگوت کی غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات

   

نئی دہلی۔ 24ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے منگل کویہاں غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ بھاگوت نے 30 ممالک سے آئے غیر ملکی نامہ نگاروں سے ملاقات کی اور انہیں تنظیم کے نظریہ سے متعلق اطلاعات فراہم کی گئیں۔ غیر ملکی میڈیا کے ساتھ ملاقات تقریباً ڈھائی گھنٹے تک چلی۔ اس دوران آر ایس ایس کے سکریٹری جنرل سریش (بھیاجی) جوشی، جوائنٹ سکریٹری منموہن وید، کرشن گوپال، شمالی ہندوستان کے علاقائی انچارج بی ایس گپتا اور دہلی یونٹ کے سربراہ کلبھوشن آہوجا بھی موجود تھے ۔غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے سلسلے میں آر ایس ایس نے ٹوئٹ کیا کہ یہ بات چیت اس عمل کا حصہ تھا جس کے تحت آر ایس ایس کے سربراہ سماج کے مختلف طبقوں سے مسلسل بات چیت کرتے ہیں۔ ملاقات کے بعد آر ایس ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریبا ڈھائی گھنٹے تک چلی بات چیت میں بھاگوت کی جانب سے آر ایس ایس کا تعارف کرانے کے بعد مختلف مسائل پر سوال وجواب بھی ہوا۔ اس دوران 30 ممالک کے 50 میڈیا اداروں کے تقریبا 80 صحافی موجود تھے ۔