مَیں پی ایم کے عہدے کا دعویدار نہیں: گڈکری

,

   

خالص آر ایس ایس کا آدمی ہوںاور قوم کیلئے کام کرنا میرا مقصد، مودی دوبارہ وزیراعظم بنیں گے
نئی دہلی ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج کہاکہ وہ وزیراعظم کے عہدے کے لئے دوڑ میں نہیں ہیں اور خود کو خالص آر ایس ایس کا شخص قرار دیا جس کے لئے قوم ہی سب سے مقدم ہے۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہاکہ بی جے پی کو آنے والے انتخابات میں قطعی اکثریت حاصل ہوگی اور ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھے گا جبکہ قیادت وزیراعظم نریندر مودی کریں گے اور ہم سب اُن کی حمایت میں کھڑے ہیں۔ شکستہ انتخابی نتیجہ آنے کی صورت میں قیاس آرائیوں پر ردعمل میں کہ گڈکری وزیراعظم کے لئے متفقہ امیدوار ہوں گے، وزیر موصوف نے کہاکہ یہ مونگیری لال کے حَسین سپنے جیسا ہے۔ اُنھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ میرا اِس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ میں دوڑ میں نہیں ہوں۔ مودی جی پی ایم ہیں اور دوبارہ وزیراعظم بنیں گے۔ میں آر ایس ایس والا ہوں، ہمارا مشن قوم کے لئے کام کرنا ہے۔ ملک مودی جی کی قیادت میں ترقی اور بڑھوتری کے معاملے میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم اُن کے ساتھ ہیں۔ میرا وزیراعظم بننے کا سوال کہاں پیدا ہوتا ہے۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ وہ محتاط نوعیت کے سیاستداں نہیں ہیں، گڈکری نے کہاکہ بی جے پی قطعی اکثریت کے ساتھ اقتدار پر واپس ہوگی اور مزید کہاکہ اِس مرتبہ وہ گزشتہ انتخابات میں حاصل شدہ 3.5 لاکھ کے مقابل 5 لاکھ ووٹ حاصل کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں جو کچھ دل سے محسوس ہوتا ہے وہی کہتے ہیں اور نہ اُنھوں نے کبھی خواب دیکھا اور نہ ہی یہ پی آر کا معاملہ ہے۔گڈکری نے کہاکہ اُنھیں ایک خراب عادت ہے کہ وہ 10 لاکھ مسلمانوں کے روبرو کہہ دیتے ہیں کہ وہ خالص آر ایس ایس کے آدمی ہیں، مجھے ووٹ دیجئے، بصورت دیگر آپ افسوس کریں گے۔