مُزاربانی نے کے کے آر سے آئی پی ایل معاہدہ ملنے کے بعد پی ایس ایل چھوڑ دیا

   

کولکاتا، 14مارچ (یواین آئی) زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مُزاربانی کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کا معاہدہ مل گیا ہے اور اب وہ پی ایس ایل 2026میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے نہیں کھیلیں گے ۔ مُزاربانی نے اس بارے میں یونائیٹڈ کو اطلاع دے دی ہے ۔ گزشتہ سال دسمبر میں انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کے کے آر کو مستفیض الرحمٰن کو ریلیز کرنے کے لیے کہا تھا، جنہیں انہوں نے نیلامی میں 9.2کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ کے کے آر نے مُزاربانی کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ وہیں مستفیض کو لاہور قلندرز نے 26مارچ سے شروع ہونے والے آئندہ پی ایس ایل سیزن کے لیے اپنے ساتھ جوڑ لیا ہے ۔ مُزاربانی ملتان سلطانز کے لیے کھیلتے ہوئے پی ایس ایل کا خطاب جیت چکے ہیں لیکن 11 فروری کو ہوئی پی ایس ایل نیلامی کے دوران انہیں کوئی خریدار نہیں ملا تھا۔ تاہم بعد میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شمر جوزف کو ریلیز کیے جانے کے بعد یونائیٹڈ نے ڈائریکٹ سائننگ کے طور پر مُزاربانی کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برس جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کوربن بوش کو پشاور زلمی نے ڈائمنڈ پک کے طور پر شامل کیا تھا لیکن بعد میں انہیں ممبئی انڈینز نے انجری ریپلیسمنٹ کے طور پر اپنی ٹیم میں شامل کر لیا تھا۔ اس کے بعد پی ایس ایل نے ان پر اس لیگ میں کھیلنے پر ایک سال کی پابندی بھی لگا دی تھی۔