مِس یونیورس کی دوڑ میں فلسطینی حسینہ بھی شامل

   

یروشلم ۔ 16 اگست (ایجنسیز) فلسطین کی پہلی حسینہ نادین ایوب مِس یونیورس مقابلے میں حصہ لینے کے لیے میدان میں آ گئی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نادین ایوب فلسطینی نڑاد ہیں اور متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ انہوں نے اس مقابلے میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے وطن خاص طور پر غزہ میں جاری بحران کی آواز بننا چاہتی ہیں، جہاں لوگ صدمے اور اسرائیلی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں۔ نادین نے کہا کہ وہ اس پلیٹ فارم کے ذریعہ ہر فلسطینی عورت اور بچے کی نمائندگی کریں گی جن کی ہمت اور عزم دنیا کے سامنے آنا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ مِس یونیورس کا مقابلہ رواں برس نومبر میں تھائی لینڈ میں منعقد ہوگا جس میں کئی ممالک کی خوبصورت خواتین حصہ لیں گی۔