کریم نگر۔ بروز چہارشنبہ ایل ایم ڈی گیسٹ ہاؤس میں ضلع عہدیدار برائے سمکیات و تحصیلداروں کے ہمراہ مچھلی مارکٹ ، ہول سیل مارکٹ کی تعمیر کے متعلقہ امور پر جائزے اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مچھلی مارکٹ کی تعمیر کے لئے ارضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے تین دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔ ایل ایم ڈی کے احاطہ میں 23 دیہاتوں میں 1500 مچھیرے اور 2000 مچھیروں کے خاندان زندگی بسر کررہے ہیں۔ مچھیروں کے مچھلیوں کی فروخت کے لئے شاہراہ کے نزد ریٹائیل مچھلی مارکٹ کے قیام کے لئے پانچ گنٹہ اراضی کی نشاندہی کی ہدایت دی۔ ہول سیل مچھلی مارکٹ کے لئے ایک ایکر اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ ہول سیل مارکٹ میں کولڈ اسٹوریج بنوائے جائیں سواریوں کی مارکنگ کے لئے جگہ کی دستیابی کا خیال رکھیں۔ ایل ایم ڈی کے نیچے سرسلہ بائی پاس سڑک پر دفتر محکمہ سمکیات کے نزد ، دفتر محکمہ تعلیم بالغان کے نزد ، الگنور سے ایل ایم ڈی کے درمیانی سڑک کے نزد ریٹائیل مچھلی مارکٹ کے قیام کے لئے رپورٹ تیار کئے جائیں۔ کریم نگر اربن میں گنے ورم منڈل کاشی پیٹ تھیماپور منڈل وچّونور کے نزد ہول سیل مارکٹ کے قیام کے لئے تخمینی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ایل ایم ڈی گیسٹ ہاؤس کے نزد موجود سرکاری اراضی پر سبزی مارکٹ، مچھلی مارکٹ کے قیام کے لئے اقدامات کی ہدایت دی۔ اس اجلاس میں محکمہ سمکیات ڈی ڈی قدیر احمد ، کریم نگر ریوینیو ڈیویڑن عہدیدار آنند کمار۔ تھیماپور ، کریم نگر اربن کتہ پلی گنے ورم منڈلوں کے تحصیلداروں راج کمار ، سدھاکر ، سرینواس راجیشوری و دیگر نے شرکت کی۔