مکاتب‘ ایمان ‘کردار واخلاق کی بہترین تربیت گاہ

   

مسجدنعمت اللہ نسیم‘ کاماریڈی میں طلبہ کاروح پرورتعلیمی مظاہرہ‘ حافظ محمدفہیم الدین کا خطاب
کاماریڈی :یکم ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسجد نعمت اللہ نسیم، کاماریڈی میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات کا روح پرور، تعلیمی و تربیتی مظاہرہ نہایت دلکش انداز میں منعقد ہوا۔ طلبہ و طالبات نے قرآنِ کریم کی خوش الحان تلاوت، احادیثِ نبویہ ﷺ، حمد و نعت، مسنون اذکار، روزمرہ کی سنتیں، فرائض و مسائل اور دینی معلومات پر مبنی نہایت خوبصورت پروگرام پیش کیا اس موقع پر مہمانِ خصوصی حافظ محمد فہیم الدین منیری (صدر جمعیۃ علماء ضلع کاماریڈی) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً مکاتب امتِ مسلمہ کی تربیت گاہیں ہیں۔ یہاں سے ایمان، کردار اور اخلاق کی بنیادیں مضبوط ہوتی ہیں۔ آج کے دور میں ہم نے عصری علوم کی اہمیت کو اتنا بڑھا دیا ہے کہ مکتب کے لیے وقت نکالنا مشکل نظر آتا ہے۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں کا کچھ وقت دینی تعلیم اور اسلامی تربیت کے لیے ضرور مخصوص کیا جائے۔ والدین چاہیے کہ گھر آنے کے بعد بچوں کا جائزہ لیں، مکتب میں جو سبق سیکھا ہے اُس کا گھر میں مذاکرہ کریں تاکہ گھر کا ماحول بھی دینی و روحانی بن جائے۔ بالخصوص سنتوں اور دعاؤں کے اہتمام کو معمول بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مصلیانِ کرام روزانہ کم از کم نصف گھنٹہ فرائض، واجبات اور حلال و حرام کے مسائل سیکھنے کی کوشش کریں کیونکہ دین کا ایک باب سیکھنا ایک ہزار رکعت نفل نماز پڑھنے کے برابر ہے۔ ان شائاللہ آئندہ ہماری تمام مساجد میں بالغان کے لیے خصوصی کلاسوں کا اہتمام ہوگا تاکہ بڑے حضرات بھی استفادہ کرسکیں مولانا نظرالحق قاسمی (نگران مجلسِ تحفظ ختمِ نبوت کاماریڈی) نے طلبہ کی مثالی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے استاد اور انتظامیہ کی خدمات کو سراہا۔قاری مجاہد صدیقی نے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ مکتب کے معلم حافظ محمد سعداللہ (امام مسجد ہٰذا) کی مخلصانہ محنت، تربیت اور توجہ سے طلبہ میں دینی ذوق و شوق اور اخلاقی نکھار نمایاں طور پر نظر آیامحمد ماجداللہ (متولی مسجد ہٰذا) نے کہا کہ طلبہ و طالبات نے نہایت کم وقت میں شاندار تعلیمی مظاہرہ پیش کیا جس پر بے حد خوشی و اطمینان حاصل ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مکتب مسجد نعمت اللہ نسیم کے تمام طلبہ و طالبات کو ہمارے برادران کی جانب سے اسلامی لباس، دینی کتب اور دیگر ضروری اشیاء بطورِ انعام و ہدیہ پیش کی جائیں گی ‘ نظامت کے فرائض حافظ محمد عبدالحلیم نقشبندی نے انجام دیے۔ محمد مجاہداللہ کی عمرہ سے واپسی پر ڈاکٹر محمد فہیم، عبدالقدوس اور مصلیانِ مسجد نے انہیں مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر مولانا نظرالحق قاسمی اور امام صاحب کے والدِ محترم شبیر صاحب کی دینی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے تہنیتی کلمات بھی ادا کیے گئے قاری عبدالرزاق معلم مکتب مجلس تحفظ ختم نبوت کاماریڈی نے ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی محمد فصیح الدین (مسجد نور) نے تمام شرکائِ مظاہرہ کو انعامی کتب پیش کیں جبکہ محمد ساجد بھائی نے تمام مہمانانِ کرام اور معاونینِ پروگرام کا شکریہ ادا کیا اطراف و اکناف کی مساجد کے ذمہ داران کے علاوہ ائمہ کرام بالخصوص حافظ محمد عبدالواجد حلیمی (مسجد محبوب صالحین) حافظ محمد تقی الدین منیری (مسجد عائشہ)، حافظ محمد عبدالرحمن منیری (مسجد رحمت الہی)، حافظ محمد ناصر (مسجد عباس)، جناب محمد انور صاحب (مسجد رحمن)، مولانا شعیب خان قاسمی (رکن جمعیۃ علماء کاماریڈی) اور مولانا سید منظور احمد مظاہری (مجلسِ تحفظ ختمِ نبوت، کاماریڈی) شامل تھے ان تمام معزز مہمانانِ کرام کی شرکت نے طلبہ کی دینی و اخلاقی کارکردگی کو حوصلہ بخشا۔