عادل آباد ۔ عادل آباد مستقر پر کل رات تقریباً دو گھنٹہ تیز موسلادھار بارش کے بناء پر مجلس بلدیہ کے وارڈ نمبر 11-13-22 محلہ رام نگر ، رکشہ کالونی اور ٹائی گوڑہ کے مختلف مکانات میں سڑکوں سے بہتا ہوا آلودہ پانی مکانوں میں داخل ہوگیا جس کے بناء پر مکانداروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ کل شب جہاں ایک طرف ان کی نیند حرام ہوکر رہ گئی وہیں دوسری طرف روز مرہ کی استعمال کی جانے والی اشیاء ماحتجاج بھی متاثر ہوکر رہ گئی ۔ متاثرہ افراد بلدیہ کی ناقص کارکردگی پر اپنے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نالیوں کی عدم صفائی کے بناء پر سڑک کے کنارے موجودہ نالیوں سے گذرنے والا بارش کا پانی مکانوں میں داخل ہوگیا ۔ مختلف محلہ جات میں سرکوں سے بہنے والا پانی سیلاب جیسا منطر پیش کر رہا تھا ۔ مقامی افراد نے کہا کہ گذشتہ تین سال سے موسم بارش میں انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وارڈ نمبر 11 اور وارڈ نمبر 22 کے عوامی منتخب نمائندہ نے رات کے اوقات میں اپنے وارڈ کے متاثرین سے ملاقات کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور جلد از جلد مقامی افراد کی دشواریوں کو دور کرنے کا تیقن دیا ۔