مکتھل بی جے پی امیدوار خود کشی کا نیا موڑ ، بیوہ نے چونکا دینے والا بیان دیا

   

شکست کے خوف سے شوہر نے خود کشی کی ، شکایت کی کاپی سوشیل میڈیا پر وائرل
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : مکتھل میونسپلٹی کے چھٹویں وارڈ کے بی جے پی امیدوار مہادیوپا کی خود کشی کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ ریاست کی سیاست میں ہلچل مچانے والے اس کیس میں متوفی کی بیوہ ستیااماں نے پولیس کو دی گئی اپنی شکایت میں چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں ۔ بی جے پی کی جانب سے الزام عائد کیا جارہا ہے تاکہ مہادیوپا حکمران کانگریس پارٹی کی مبینہ دھمکیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کشی کی ہے ۔ تاہم ستیااماں نے اپنی تحریری شکایت میں کہا کہ شوہر کی موت پر کسی پر شک نہیں ہے ۔ ان کے شوہر نے شکست کے خوف سے خود کشی کی ہے ۔ پولیس نے ستیااماں کی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ 194 کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ شکایت کی کاپی سوشیل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے ۔ جس کے بعد معاملہ مزید بحث کا موضوع بن گیا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خود کشی کے فوری بعد ستیااماں نے ایک نیوز چینل سے گفتگو میں کہا تھا کہ ان کے شوہر کو فون پر دھمکیاں مل رہی تھیں اور وہ شدید دباؤ میں تھے ۔ تاہم اب پولیس کو دی گئی شکایت میں انہوں نے شکست کے خوف کی وجہ قرار دیا ۔ جس سے کیس نے نیا رخ اختیار کیا ہے ۔ مہادیوپا کی موت پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا ۔ پارٹی کارکنوں نے ڈی جی پی دفتر کے سامنے احتجاج کیا اور معاملہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں لوک سبھا اور راجیہ سبھا تک پہونچا ۔ دوسری طرف ریاستی وزیر وی سری ہری نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت ہو تو ان کا کال ڈیٹا ریکارڈ چیک کیا جائے ۔۔ 2