مکمل قرآن مجیدایک نشست میں سنانے کی سعادت

   

بچکنڈہ کے کمسن طالب علم محمد سمیر کے کارنامہ کی ہر گوشہ سے ستائش ، اساتذہ کو مبارکباد
بچکنڈہ۔/4 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ دینیہ عربیہ فیض القرآن فتح اللہ پور کے طالب علم محمد سمیر ولد عبدالغفور عمر 12 سال موضع مشن کلائی نے بروز ہفتہ صبح 4:30 بجے سے ایک نشست 14 گھنٹے میں مکمل قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کی۔ اس طالب علم سے قرآن سننے کیلئے کئی علماء تشریف لائے، مولانا محمد محبوب قاسمی استاذ دارالعلوم بچکنڈہ نے 5 پارے سنے، رپورٹر روز نامہ سیاست حافظ و قاری شیخ محسن بچکنڈہ نے 9 پارے سنے، حافظ عبدالکریم خان صدر جمعیت العلماء بانسواڑہ نے 6 پارے سنے، مفتی جمشید اشاعتی امام و خطیب جامع مسجد پٹلم نے10 پارے سنے، اس طرح طالب علم نے مکمل ایک نشست میں قرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کی۔ واضح رہے کہ اساتذہ کی محنت و جستجو کا نتیجہ ہے کہ اس معصوم طالب علم نے ایک نشست میں قرآن سنائی جس پر ہر گوشہ سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے زبردست ستائش کی جارہی ہے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر مولانا عبدالرحیم ناظم مدرسہ فیض القرآن فتح اللہ پور نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ مولانا محمد رضوان القاسمی ، مولوی معین، مولانا محمد حسامی، مولانا عمران رحمانی ، حافظ جبار، حافظ عمران، عبدالعظیم کے علاوہ دیگر موجود تھے۔