مکمل کابینہ کی عدم موجودگی سے انتظامیہ متاثر

   

اختیارات فرد واحد تک مرکوز کرنے پر اعتراض: دتاتریہ کا بیان
حیدرآباد 3 جنوری ( پی ٹی آئی ) سینئر بی جے پی لیڈر بنڈارو دتاتریہ نے آج الزام عائد کیا کہ ریاست میں مکمل کابینہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے انتظامیہ متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اپنی کابینہ تشکیل دیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کابینہ کی عدم موجودگی کی وجہ سے ساری ریاست میں انتظامیہ لا پرواہی کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔ وہ صرف ایک فرد واحد میں اختیارات مرکوز کئے جانے پر شدید اعتراض کرتے ہیں اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری کابینہ میں توسیع کریں اور انتظامیہ کو فعال و کارکرد بنائیں۔ چندر شیکھر راو نے 13 ڈسمبر کو دوسری معیاد کیلئے چیف منسٹری کا حلف لیا تھا جبکہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ ان کے ساتھ صرف محمد محمود علی نے ریاستی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا تھا ۔ انہیں داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں دتاتریہ نے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کی ہے اور تلنگانہ میں ترقیاتی پراجیکٹس کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوں نے نتن گڈکری سے خواہش کی ہے کہ جو پراجیکٹس ریاست میں جاری ہیں ان کی تکمیل میں تیزی پیدا کی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے نتن گڈکری سے ریاست میں مختلف قومی شاہراہوں اور ہائی ویز کیلئے 3,030 کروڑ روپئے مختص کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے اور کہا کہ پراجیکٹس کی تیز رفتار تکمیل کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔