مدینہ منورہ، 12 جون (یو این آئی) سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے گزشتہ روز مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ مدینہ منورہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت الاحسا میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق دمام میں 46، ریاض اور جدہ میں 45، وادی الدواسر اور القصومہ میں 44 اور شرورہ میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ہے ۔الشرقیہ ریجن، ریاض اور مکہ ریجن کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی رپورٹ سامنے آئی تھی۔واضح رہے کہ مملکت میں گرمی کی لہر کے باعث سعودی عرب میں وزارت افرادی قوت اور قومی کونسل برائے اکیوپیشنل سیفٹی اور صحت نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے تمام اداروں کے کارکنوں کے لیے اتوار 15 جون سے 15 ستمبر 2025 تک براہ راست دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں کام کرنے پر پابندی 3 ماہ کے لیے عائد رہے گی۔