15 مارچ تک کنٹراکٹر کو مہلت، اے کے خاں اور شاہنواز قاسم کا دورہ
حیدرآباد۔یکم فروری، ( سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں تزئین نو اور مرمتی کاموں کی رمضان المبارک کی آمد سے قبل تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ کنٹراکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے آج مکہ مسجد کا دورہ کیا اور کاموں کی سست رفتاری پر ناراضگی جتائی۔ انہوں نے محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیداروں اور متعلقہ کنٹراکٹر سے تاخیر کے بارے میں وضاحت طلب کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ کی بروقت اجرائی کے باوجود کاموں میں سست رفتاری مناسب نہیں ہے۔ کنٹراکٹر کو 15 مارچ تک کاموں کی تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ دونوں عہدیداروں نے دو گھنٹے تک مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کرتے ہوئے کاموں کا شخصی طور پر جائزہ لیا۔ کنٹراکٹر کی لاپرواہی کے سبب ایک کمپنی کو پہلے ہی کام سے علحدہ کردیاگیا ہے اور نئے کنٹراکٹر کو کام الاٹ کئے گئے۔ مسجد کے اندرونی حصہ میں 15 گنبد ہیں جن میں سے 9 کا کام مکمل ہوچکا ہے باقی 6 گنبدوں میں توقع ہے کہ رمضان المبارک سے قبل مرمتی کام مکمل کرلئے جائیں گے۔ گزشتہ کنٹراکٹر کے غیر معیاری کاموں کے نتیجہ میں پلاسٹر جھڑنے لگا تھا جس کے نتیجہ میں گنبدوں کا اندرونی حصہ انتہائی عیب دار دکھائی دے رہا تھا۔ شاہنواز قاسم اور اے کے خاں نے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ شخصی طور پر کاموں کا جائزہ لیں تاکہ کنٹراکٹر اور آثار قدیمہ کے عہدیداروں پر دباؤ برقرار رہے۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد محمد عبدالقدیر صدیقی نے مسجد کی ضروریات سے واقف کرایا اور کہا کہ مقدس راتوں کے موقع پر ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید مسجد میں عبادت کیلئے آتے ہیں ان کے لئے تمام سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے۔ سپرنٹنڈنٹ نے نئی جانمازوں، لاؤڈ اسپیکر سسٹم اور دیگر ضروری اُمور کے بارے میں واقف کرایا۔ شاہنواز قاسم نے مکہ مسجد کے دیگر مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کرنے کا تیقن دیا ہے۔ر