ریاض: سعودی عرب کی حج سکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ کے علاقے ہجرہ میں غیرقانونی طور پر مقیم 42 غیرملکی افراد کو گرفتار کر لیا، جو مختلف اقسام کی وزٹ ویزا پر مملکت میں موجود تھے اور حج کے ضوابط و ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے تھے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان افراد کو حراست میں لینے کے بعد ان کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ انہیں پناہ دینے والے عناصر کی تلاش بھی جاری ہے تاکہ انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کر کے مقررہ سزائیں دی جا سکیں۔حکام نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ حج صرف ان افراد کیلئے ہے جو باقاعدہ اجازت نامے یا حج ویزا رکھتے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔