حیدرآباد۔7 ۔ اگست (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں ایک سعودی دکاندار نے اپنی ایمانداری اور دیانتداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہندوستانی عازم کی بھاری رقم کو محفوظ کردیا ہے اور مذکورہ عازم حج کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عزیزیہ کے علاقہ میں ایک ہندوستانی عازم خریداری کیلئے دکان پہنچے اور وہ وہاں اپنا بیاگ بھول گئے جس میں سعودی کرنسی مالیتی ہندوستانی ایک لاکھ روپئے موجود ہیں۔ گمان کیا جارہا ہے کہ یہ عازم حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے قافلہ میں شامل تھے۔ دو دن قبل وہ رقم بھول گئے اور دکاندار سعودی شہری ان کا انتظار کر رہے ہیں۔ جب انہیں عازم حج کا پتہ نہیں چلا تو انہوں نے قریب میں واقع تلنگانہ عازمین حج کی عمارت کے خادم الحجاج کو اس واقعہ کی اطلاع دی اور سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل کردہ عازم حج کی تصویر حوالہ کی۔ یہ تصویر تمام ہندوستانی عازمین میں گشت کرائی جارہی ہے تاکہ اصل عازم حج کا پتہ چل سکے ۔ عازم حج کے گلے میں اس بس کا نمبر لکھا ہے جس کے ذریعہ وہ روزانہ حرم کو جاتے ہیں۔ بس نمبر کے ذریعہ عازم حج کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ سعودی تاجر نے خادم الحجاج سے کہا کہ وہ کسی بھی طرح پتہ چلائیں تاکہ ان کی امانت واپس کی جائے۔
عازمین حج نے سعودی تاجر کے اس جذبۂ ایمانی کی ستائش کی ہے
