سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع کی شمولیت، ناظر رباط حسین محمد الشریف کی خصوصی آمد، رباط میں بہتر سہولتوں کی فراہمی
حیدرآباد 5 فروری (سیاست نیوز) حج 2026ء میں مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں عازمین حج کے قیام کی قرعہ اندازی کا آج انعقاد عمل میں آیا جس کے ذریعہ سابق ریاست حیدرآباد کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 4821 عازمین حج میں سے 695 کا انتخاب عمل میں آیا۔ قرعہ اندازی تقریب چومحلہ پیالس میں منعقد ہوئی جس میں ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، مولانا سید شاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری، سکریٹری نظام ٹرسٹ فیض خان، نائب صدر ٹمریز فہیم قریشی، ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی محمد اسداللہ، اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر عرفان شریف اور دوسروں نے شرکت کی۔ آن لائن کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ انتخاب کی اطلاع دی گئی۔ قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 33 ، مہاراشٹرا 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو شامل کیا گیا۔ قرعہ اندازی میں تلنگانہ کے 2845، مہاراشٹرا 1341 اور کرناٹک کے 635 عازمین شامل کئے گئے۔ ایسے عازمین جنھوں نے فلائٹ کی پہلے سے بکنگ کرلی ہے، ایسے عازمین جو مختصر مدتی حج کے لئے روانہ ہورہے ہیں اور بغیر محرم کی خواتین کو رباط میں قیام کی قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا گیا۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف نے گزشتہ 30 برسوں کے دوران عازمین حج کی اپنی طویل خدمات کا ذکر کیا اور کہاکہ وہ عازمین حج کی خدمت کو اپنے لئے باعث افتخار تصور کرتے ہیں۔ حیدرآبادی رباط میں ابھی تک ایک لاکھ 24 ہزار حجاج کرام کو مفت قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ رباط کی عمارت حرم سے قریب رہے گی اور اُس میں لانڈری، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر بنیادی سہولتیں مفت فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ ہر سال بہتر سے بہتر انتظامات کی مساعی کررہے ہیں اور اُنھیں حجاج کرام کی دُعائیں مل رہی ہیں۔ ناظر رباط نے تلنگانہ حکومت اور حج کمیٹی کی جانب سے مؤثر انتظامات کی ستائش کی۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ ناظر رباط کی جانب سے ہر سال تقریباً 700 عازمین حج کے لئے مؤثر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ایک ہی بلڈنگ میں عازمین کا قیام رہے گا اور خادم الحجاج کی خدمات بھی حاصل رہیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت ہر سال عازمین حج کے لئے بہتر خدمات کی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے حج کوٹہ میں اضافہ کے لئے مرکز سے نمائندگی کی ہے۔ اُنھوں نے واضح کیاکہ رباط میں قیام کے لئے عازمین کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ آن لائن ڈرا کے ذریعہ مکمل شفافیت کے ساتھ کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رباط میں قیام کے لئے کسی کی سفارش کام نہیں آئے گی۔ رباط میں قیام کرنے والے عازمین کو سفر اخراجات میں تقریباً 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے کہاکہ عازمین حج کے لئے تربیتی کیمپس کا آغاز ہوچکا ہے جس میں علمائے کرام مناسک حج کے بارے میں رہنمائی کررہے ہیں۔1