ملک میں کورونا وائرس نے تباہی مچا رکھی ہے ۔ کورونا کی بے قابو رفتار کا سلسلہ اس مرتبہ مہاراشٹر سے شروع ہوا تھا ، لیکن اتوار کو آئے اعداد و شمار نے مہاراشٹر میں رہنے والے لوگوں کو تھوڑی راحت ضرور دی ہوگی ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے 48 ہزار 401 نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ مریضوں کی یہ تعداد ہفتہ کے تعداد سے پانچ ہزار 204 کم رہی ۔ ہفتہ کو کورونا وائرس کے نئے معاملات کی تعداد 53 ہزار 605 تھی ۔مہاراشٹر میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد پہلے سے بھلے ہی کم ہوئی ہو ، لیکن یہ اب بھی کافی زیادہ ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کے انفیکشن نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 572 لوگوں کو موت کی نیند سلادیا۔ یہ تعداد ہفتہ کو ہوئی 864 اموات کے مقابلہ میں کم رہی۔ اتوار کو کل 60 ہزار 226 مریض شفایاب ہوکر ڈسچارج ہوئے۔