ممبئی : مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے تنظیمی ردوبدل کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ اس عمل کے تحت پارٹی کے سینئر لیڈروں کو مختلف اضلاع کے مبصرین کے طور پر مقرر کیا گیا ہے ، جو زمینی سطح پر پارٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لیں گے ۔ ان مبصرین کی رپورٹوں کی بنیاد پر پارٹی کے منڈل سے لے کر ریاستی سطح تک کے ڈھانچے میں ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام خالی عہدوں کو پُر کیا جائے گا اور جہاں ضرورت محسوس کی جائے گی، وہاں نئے اور باصلاحیت افراد کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے جمعہ کو ممبئی میں کانگریس کے ریاستی ہیڈکوارٹر تلک بھون میں نئے مقرر کردہ مبصرین کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ ان مبصرین کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع کا دورہ کرکے کانگریس کے مقامی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کریں اور زمینی حقائق کا مشاہدہ کریں۔ انہیں 15 دن کے اندر اپنی تفصیلی رپورٹ ریاستی قیادت کو پیش کرنی ہوگی، جس کے بعد تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔
یہ اقدام کانگریس کو مہاراشٹر میں مزید مضبوط کرنے اور آنے والے انتخابات کے لیے پارٹی کو بہتر طور پر تیار کرنے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے ۔