نئی دہلی: سپریم کورٹ مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کو ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی ضمانت کے خلاف 20 جنوری کو سماعت کرے گی۔ یہ سماعت سی بی آئی کی درخواست پر ہوگی۔ سی بی آئی نے بامبے ہائی کورٹ کے ضمانت کے حکم کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے سی جے آئی ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ دیشمکھ پہلے ہی جیل سے رہا ہو چکے ہیں۔ 17 دسمبر 2022 کو، سی بی آئی سپریم کورٹ پہنچی اور ممبئی ہائی کورٹ کے ذریعہ مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کو دی گئی ضمانت کو چیلنج کیا سی بی آئی نے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انل دیشمکھ کو ہائی کورٹ سے دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس معاملے میں 12 دسمبر کو بامبے ہائی کورٹ نے انل دیشمکھ کو ایک لاکھ کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دی تھی۔ ساتھ ہی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو ضمانت کے حکم کے خلاف اپیل کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا تھا۔